سٹورٹ لا ویسٹ انڈین ٹیم کے نئے کوچ مقرر

اسٹورٹ لا 2 سالہ معاہدے کے تحت 15 فروری کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے، ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ


Sports Desk January 28, 2017
اسٹورٹ لا ویسٹ انڈین کوچ کا عہدہ سنبھالنے والے تیسرے آسٹریلوی ہیں : فوٹو : فائل

سابق آسٹریلین بلے باز اسٹورٹ لا کو ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو ہیڈ کوچ مقررکردیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈسپلنری مسائل پر برطرف کئے جانے والے فل سمنز کی جگہ سابق آسٹریلوی بیٹسمین اسٹورٹ لا کو ویسٹ انڈین ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسٹورٹ لا ویسٹ انڈین کوچ کا عہدہ سنبھالنے والے تیسرے آسٹریلوی ہیں، اس سے قبل بینیٹ کنگ نے 2 سالہ خدمات کے بعد ورلڈ کپ 2007 کے بعد کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا جبکہ جان ڈیسن 2009 میں بورڈ کی جانب سے ہٹائے جانے سے قبل 2 سال تک کریبیئن ٹیم کے کوچ رہے۔

ویسٹ انڈیز بورڈ بورڈ جانب سے جاری کی گئی میڈیا ریلیز کے مطابق اسٹورٹ لا 2 سالہ معاہدے کے تحت 15 فروری کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ 48 سالہ اسٹورٹ لا 2011 میں مختصر عرصے کیلئے سری لنکا اور بعد ازاں 2011-12 میں بنگلہ دیشی ٹیم کی کوچنگ کے علاوہ دیگر ٹیموں کے ساتھ بھی فرائض انجام دے چکے ہیں اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھلنا ٹائٹینز کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون بھی اس دوران بنگلہ دیش میں موجود رہے اور ممکنہ طور پر اسٹورٹ لا سے کوچنگ کے حوالے سے بات چیت کی۔

واضح رہے کہ 2 مرتبہ کرکٹ کی ورلڈ چیمپئن رہنے والی ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان اور بنگلہ دیش سے نیچے 9 ویں نمبر پر موجود ہے اور اسے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کا چیلنج درپیش ہے۔