جہانگیر ترین کے جہاز میں بیٹھ بیٹھ کرعمران خان کا دماغ چل گیا ہے، دانیال عزیز

ویب ڈیسک  منگل 31 جنوری 2017
پی ٹی آئی کا کیس پانی سے باہر نکل کر تڑپنے والی مچھلی کی طرح ہے، دانیال عزیز۔  فوٹو : فائل

پی ٹی آئی کا کیس پانی سے باہر نکل کر تڑپنے والی مچھلی کی طرح ہے، دانیال عزیز۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عمران خان جہانگیرترین کے جہاز پر بیٹھ بیٹھ کر پاگل ہوگئے ہیں اور اس جہاز کا پیٹرول خیبرپختون خوا کے بجٹ سے پورا کیا جاتا ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ہم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کردیا ہے، ہمارے وکیل نے ہر ایک چیز کی تفصیل دی اور رقوم کی ترسیل کی تمام تفصیلات عدالت میں جمع کرادی ہیں، اسحاق ڈار کا بیان حلفی غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے، 12  ملین درہم کا منی ٹریل ثابت ہوچکا ہے اور اسحاق ڈارکے بیان پر ریفری جج نے فیصلہ دیا تھا لیکن تحریک انصاف ایک بات پر قائم نہیں رہتی ان کا رد عمل روز تبدیل ہوتا ہے، پہلے کہتے ہیں آف شورکمپنیاں غلط ہیں، اب کہتے ہیں ٹھیک ہیں، تحریک انصاف کے رہنما عدالت عظمٰی میں روز رنگ بدلتے ہیں اور نئے پکوڑے پرانے اخبار میں بیچنے کی کوشش کررہے ہیں، پی ٹی آئی کا کیس پانی سے باہر نکل کر تڑپنے والی مچھلی کی طرح ہے، ان  کے ہاتھوں سے کیس نکلتا نظر آرہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  اسحاق ڈارکی معافی سے متعلق نیب کے اجلاس کا ریکارڈ پیش

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان لوگوں کی بیٹیوں اور خاندان کے بارے میں بات کرتے ہیں پوری دنیا کو درس دینے والے اپنے گریبان میں نہیں جھانکتے، عمران خان نے اپنے فلیٹ کو چھپائے رکھا، کالا دھن سفید کرنے کاعمل عمران خان کا اعترافی بیان ہے اور ان کے قریبی دوست جہانگیرترین کااعترافی بیان کوئی زور زبردستی پر نہیں لیا گیا تھا، انہوں نے خود اعتراف کیا کہ  اپنے بیٹے کو ایک ارب روپے سے زائد رقم تحفے میں دی اور انہوں نے ساڑھے 7 کروڑ روپے واپس کیے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  دانیال عزیز کو وزارت دلوانے کے لئے مہم چلانے کا فیصلہ

رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ میں تحریک انصاف کے ہوش و ہواس پر حاوی ہوگیا ہوں کیوں کہ  میں اصل حقائق  اور ان کا اصل چہرہ سامنے لاتا ہوں، ایک دن کہتے ہیں مجھے وزیرلگوا دیں گے، اگلے دن کہتے ہیں میں نے کرپشن کی ہے، میں آپ کی طرح چور نہیں ہوں اور  چیلنج کرتا ہوں میری کرپشن سامنے لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیا انصاف کی بات کریں گے، کے پی  میں ڈیڑھ سال سے احتساب کمیشن کا سربراہ نہیں لگایا جاسکا، جہانگیرترین کے جہاز میں بیٹھ  کرعمران خان کا دماغ چل گیا ہے اور اس جہاز کا پیٹرول کے پی کے بجٹ سے پورا کیا جاتا ہے۔ ہم سپریم کورٹ میں  سرخرو ہوں گے اوران کو پکڑ کر کٹہرےمیں لائیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان صرف غلط بیانی کا کیس لڑرہے ہیں

مائزہ حمید کا کہنا تھا کہ مریم نواز تو فلاحی کام کر رہی ہیں اور عمران خان ایسے شخص ہیں جواپنی بیٹی کوشناخت نہیں دے سکے، عمران خان قابل ترس انسان ہیں 2018 میں لوگ ان کو ناکام خان کہنا شروع کردیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔