ہریتھک روشن کا مرنے کے بعد آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 1 فروری 2017
ہریتھک روشن اپنی خوبصورت آنکھوں کے باعث کئی بار  پرکشش شخصیت کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

ہریتھک روشن اپنی خوبصورت آنکھوں کے باعث کئی بار پرکشش شخصیت کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

ممبئی: خوبصورت اور نیلی آنکھوں کے مالک بالی ووڈ ایکشن ہیرو ہریتھک روشن نے بعد از مرگ آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن نے حال ہی میں اپنی فلم ’’کابل‘‘ میں نابینا شخص کا کردار ادا کیا ہے  اور فلم باکس آفس پر ’’رئیس‘‘ سے مقابلے کے باعث کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی لیکن فلم میں نابینا افراد کے مسائل کو قریب سے دیکھنے کے بعد ایکشن ہیرو نے زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:رشی کپور نے اپنے اعضاء بطور عطیہ کرنے کا اعلان کردیا

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  ہریتھک روشن اپنی خوبصورت آنکھوں کے باعث کئی بار پرکشش شخصیت کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں لیکن اب انہوں نے فلم ’’کابل‘‘ میں نابینا افراد کے مسائل کو قریب سے سمجھنے کے بعد ’’بعد از مرگ‘‘ اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ انہوں نے اپنے فیصلے سے آنکھوں کے چیریٹی اسپتال کوبھی آگاہ کردیا ہے۔

دوسری جانب  فلم ’’کابل‘‘ کی  ٹیم اس فیصلے کو تشہیری مہم میں استعمال کرنے کی خواہش مند تھی لیکن ہریتھک روشن نے اپنے فیصلے کی تشہیرسے منع کردیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: شلپا شیٹھی نے اپنی آنکھیں سماجی تنظیم کو عطیہ کردیں

واضح رہے کہ ہریتھک روشن کے علاوہ امیتابھ بچن، جیا بچن، یشوریا رائے بچن اور رندیپ ہودا سمیت متعدد اداکار بعد از مرگ اعضا عطیہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔