مقبوضہ کشمیرسےتعلق رکھنےوالےکھلاڑی کی امریکی ویزے کیلیے درخواست مسترد

تنویر حسین کا ویزا مسترد ہونے پرخدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایسا حالیہ امیگریشن پالیسی کے سبب ہوا ہے۔


Sports Desk February 01, 2017
تنویر حسین کا ویزا مسترد ہونے پرخدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایسا حالیہ امیگریشن پالیسی کے سبب ہوا ہے ۔ فوٹو بی بی سی

مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک کھلاڑی کی امریکی ویزے کیلیے درخواست مسترد ہوگئی ہے جب کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ایسا حالیہ امیگریشن پالیسی کے سبب ہوا ہے۔

26 سالہ تنویر حسین کو نیویارک میں واقع سیرینک جھیل پر شیڈول 2017 ورلڈ 'سنو شُو' چیمپیئن شپ میں شرکت کرنی تھی۔ ان کے کوچ عابد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکی سفارت خانے کی اہلکار نے کہا کہ وہ ''حالیہ پالیسی''کی بنیاد پر کوئی مدد نہیں کرسکتیں تاہم انھوں نے مزید وضاحت نہیں کی۔

واضح رہے کہ بھارت ان 7 ممالک میں شامل نہیں جن کے شہریوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ صدر ٹرمپ نے جمعے کو ایک ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس کے بعد ایران، عراق، یمن، سوڈان، لیبیا اور صومالیہ کے شہریوں پر 90 روزجب کہ شام کے شہریوں پر تاحکم ثانی امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔