چہلم امام حسینؓ مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی کی گئی

امام حسینؓ کی لازوال قربانی کو زمانہ فراموش نہ کرپائے گا، علامہ طالب جوہری.


Staff Reporter January 04, 2013
حضرت امام حسینؓ و شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی ماتمی جلوس ایم اے جناح روڈ سے گز ررہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

حضرت امام حسینؓ کے چہلم کا جلوس کھارادر میں واقع مرکزی امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں نماز مغربین کے وقت اختتام پذیر ہوگیا۔

جمعرات کی صبح نشتر پارک سے برآمد ہونے والا جلوس اپنے روایتی راستوںایم اے جناح روڈ صدر ایمپریس مارکیٹ، تبت سینٹراور لائٹ ہاؤس سے گزر کر اپنی منزل پر ختم ہوا اس موقع پر سیکیورٹی کی سخت اقدامات کیے گئے تھے، جلوس کی حفاظت کیلیے5ہزار سے زائد پولیس و رینجرز کے اہلکار تعینات تھے جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی، اس موقع پر بکتر بند گاڑیاں بھی موجود تھیں اور اونچی عمارتوں پر شوٹر تعینات تھے۔

جلوس کے ساتھ بم ڈسپوزل یونٹ کا عملہ بھی موجود تھا جو جلوس کے راستوں کو کلیئرکرتا تھا جس کے بعد جلوس آگے بڑھایا جاتا تھا، جلوس کی روانگی سے قبل نشترپارک میں مرکزی مجلس سے خطاب علامہ طالب جوہری نے کیا، انھوں نے کہا کہ اسلام کی سربلندی اور استحکام کیلیے امام حسینؓ کی لازوال قربانی کو زمانہ فراموش نہ کرپائے گا، آج پوری دنیا کے مسلمان جن مشکلات میں الجھے ہوئے ہیں ان کی بڑی وجہ قرآن، اہل بیت رسول اور بزرگان دین کی تعلیمات سے دوری ہے، ہمیں ان مقدس ہستیوں کے نقش قدم پر چلنا ہوگا جن سے محبت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

 

08

انھوں نے شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی اور کہا کہ ملک بھر میں تمام مکاتب فکر کے مسلمان بے دردی سے شہید کیے جارہے ہیں لیکن ان مظالم پر صدائے احتجاج بلند کرنے والا کوئی نہیں، بعدازاں شہدا کیلیے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی، شرکا جلوس کے لیے ایم اے جناح روڈ پر نمازظہرین کا اہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت کیا گیا تھا، نمازیوں کے اجتماع سے مرکزی صدر آئی ایس او اطہر عمران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہائی خطرناک دور سے گزر رہے ہیں۔

ایک طرف کچھ اسلام پسند قوتیں اسلام کی سربلندی کے لیے کوشاں ہیں تو دوسری طرف اسلام کا لبادہ اوڑھے امریکا اور اسرائیل کے زر خرید غلام اپنے آقائوں کو خوش کرنے کے لیے مسلمانوں کو آپس میں لڑارہے ہیں جس کی مثال کراچی سے کوئٹہ تک جاری محب وطن افراد کی ٹارگٹ کلنگ ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ قتل عام میں ملوث کالعدم تنظیموں کے کارندوں کو گرفتار کیا جائے،آخر میں انھوں نے فرانسیسی اخبار میں شائع ہونے والے رسول اللہ ؐ کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی شدید الفا ظ میں مذمت کی اور امریکا و اسرائیل کے پرچم بھی نظر آتش کیے گئے۔