پی ایس ایل غیر ملکی پلیئرز کو آج اعتماد میں لیا جائے گا

گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی لاہور میں فائنل کھیلے جانے کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کریں گے


Sports Desk February 07, 2017
ٹرافی کی رونمائی ، بہترین بیٹسمین، وکٹ کیپر، بولر اور مین آف دی ٹورنامنٹ کیلیے بھی ٹرافیاں تیار۔ فوٹو : فائل

پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل کیلیے منگل کو غیرملکی کرکٹرز کو اعتماد میں لیا جائے گا، گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی فرنچائز مالکان، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے میٹنگ میں راہ ہموار کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلیے تیار کی جانے والی ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی میں ہوئی، ایونٹ میں شریک پانچوں ٹیموں کے کپتان موجود تھے، سب کو باری باری اسٹیج پر مدعو کیا گیا، سب سے پہلے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق آئے، دوسرے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفرا ز احمد کو بلایا گیا، پھر پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی جلوہ گر ہوئے، چوتھے نمبر پر کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا، سب سے آخر میں لاہور قلندرز کے قائد برینڈن میک کولم کو بلایا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ ایونٹ کیلیے دنیا کی بہترین کمپنی سے ٹرافی تیار کروائی گئی جو آرٹ کا بہترین اور منفرد نمونہ ہے، اسے ''اسپرٹ ٹرافی'' کا نام دیا گیا، اس کی تیاری میں50 ہزار کرسٹلز کا استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کیساتھ مزید 3کیٹگریز کیلیے بھی ٹرافیز رکھی گئی ہیں، ایونٹ کے بہترین بیٹسمین کو ''حنیف محمد ٹرافی'' ملے گی، بیسٹ وکٹ کیپر ''امتیاز احمد ٹرافی'' کا حقدار ٹھہرے گا، بہترین بولر ''فضل محمود ٹرافی'' اپنے نام کرے گا، مین آف دی ٹورنامنٹ کیلیے الگ ٹرافیز ہونگی، امید ہے کہ پہلے کی طرح دوسرا ایڈیشن بھی دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گا۔

چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ واپس لانے کی مہم شروع کررہے ہیں، دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا تاہم منگل کو 11بجے فرنچائز مالکان، غیر ملکی کرکٹرز اور آفیشلز کے ساتھ میٹنگ میں سیکیورٹی انتظامات کیلیے تیاریوں سے آگاہ کروں گا، امید ہے کہ آئی سی سی اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن بھی ہماری کاوشوں سے مطمئن ہوں گے۔

علاوہ ازیں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پہلا ایڈیشن جیتنے کے بعد ہمارے حوصلے بلند ہیں، ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، اس بار بھی اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کریں گے، کرکٹرز یواے ای میں کھیل چکے اور کنڈیشنز سے آگاہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اب بھی اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔ گزشتہ ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکے لیکن اس بار ٹرافی لے کر جائیں گے۔

کراچی کنگز کے قائد سنگا کارا نے کہا کہ ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے، ماہر کوچز کی رہنمائی میں اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتے ہوئے فتوحات کا سفر جاری رکھیں گے۔

ادھر لاہور قلندرز کے کپتان میک کولم نے کہا کہ ایونٹ میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے،انتہائی باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ نئی شروعات کر رہے ہیں،دوسرے ایڈیشن میں نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے، نوجوان کرکٹرز پر مشتمل ٹیم متحد ہو کر کھیلے گی۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ نئے جوش و جذبے کے ساتھ کھیلتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کریں گے۔

پی ایس ایل برانڈ ایمبیسیڈر رمیز راجہ نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل میں ٹرافی، ٹیمیں، منیجرز، کوچز سب فائیو اسٹارہیں، ایونٹ کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتا ہوں، پہلے ایڈیشن کو کامیاب بنانے کیلیے بڑے محنت کی گئی، دوسرے میں زیادہ بہتر مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

یاد رہے کہ ایونٹ کا آغاز 9 فروری کو ہوگا۔