امیرترین بھارتی بورڈ کے جونیئر کرکٹر ’ لاوارث ‘ ہوگئے

انڈر19 ٹیم کے کھلاڑی ڈیلی الاؤنس نہ ملنے پروالدین سے ملنے والے جیب خرچ تک محدود ہوگئے۔


Sports Desk February 08, 2017
انڈر19 ٹیم کے کھلاڑی ڈیلی الاؤنس نہ ملنے پروالدین سے ملنے والے جیب خرچ تک محدود ہوگئے ۔ فوٹو : انڈین ایکسپریس

دنیا کے امیرترین بھارتی بورڈ کے جونیئر کرکٹرز 'لاوارث' ہوگئے انڈر 19 ٹیم میں شامل کھلاڑی مانگ تانگ کر گزارا کرنے پر مجبور ہیں، ڈیلی الاؤنس نہ ملنے کی وجہ سے والدین کی رقم پر پیٹ بھررہے ہیں، بورڈ آفیشلز کا کہنا ہے کہ صدر اور سیکریٹری کی برطرفی کے بعد چیک پر سائن کرنے والا ہی کوئی نہیں ہے، حکومتی مالیاتی پالیسی کے تحت مقررہ حد سے زیادہ کیش بھی بینک سے نہیں نکالا جاسکتا۔

بھارت کی انڈر 19 ٹیم اس وقت انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے میں مصروف ہے، 30 دن کی اس سیریز کے 15 دن گزرچکے اور ابھی تک پلیئرز اور اسٹاف کو ڈیلی الاؤنس کی مد میں کوئی بھی رقم نہیں ملی، اسکواڈ میں 18 کھلاڑی اور کوچ راہول ڈریوڈ سمیت7 افراد کا اسٹاف بھی موجود ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے صدر انوراگ ٹھاکر اور سیکریٹری اجے شرکے کی برطرفی کے بعد کوئی ایسا آفیشل موجودنہیں جسے آئینی طور پر دستخط کرنے کا اختیار ہو۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر اور سیکریٹری عہدوں سے فارغ

دوسری جانب حکومتی پالیسی کے تحت ایک ہفتے میں 24 ہزار روپے سے زیادہ کیش بینک سے نکلوایا بھی نہیں جاسکتا، یہ رقم حیدرآباد میں موجود بھارتی سینئر ٹیم پر خرچ کی جارہی ہے۔ جونیئر کرکٹرز کو 6 ہزار 800 فی دن کے حساب سے الاؤنس دیا جاتا ہے جوکہ انھیں نہیں مل رہا جس کی وجہ سے وہ اپنے گھر سے بھیجی گئی رقم سے کھانے پینے کے بل چکا رہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :ٹھاکر اور شرکے کے دفاتر پر تالے

ٹیم کے ایک ممبر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جس روز میچ ہوتا ہے تب میزبان ایسوسی ایشن کی جانب سے دوپہر کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے جب کہ ناشتہ ہوٹل کے پیکج میں شامل ہے مگر رات کا کھانا ہمیں اپنی جیب سے کھانا ہوتا ہے، ہم ممبئی کے جس پوش ہوٹل میں رہ رہے ہیں وہاں پر صرف ایک سینڈوچ کی قیمت 1500 روپے ہے، اس لیے ہمیں فیلڈ میں تھکن سے بھرپور دن گزارنے کے بعد رات کو کھانا کھانے کے لیے ہوٹل سے باہر جانا پڑتا ہے۔