حیدرآباد میں سیلانی ویلفیئرکا امدادی کیمپ قائم

رمضان اور عیدکیلیے500مستحق خاندانوںمیں راشن،روزمرہ استعمال کی اشیا اورکپڑے تقسیم


Numainda Express July 29, 2012
رمضان اور عیدکیلیے500مستحق خاندانوںمیں راشن،روزمرہ استعمال کی اشیا اورکپڑے تقسیم۔ فوٹو ایکسپریس

MOHMAND: سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے حیدرآبادکے5ہزار غریب و مستحق خاندانوں میں رمضان اور عیدکیلیے کروڑوں روپے مالیت کا راشن اورکپڑوں کی تقسیم کے لیے پہلا امدادی کیمپ تانگہ اسٹینڈ پھلیلی بازارمیں لگایا گیا، کیمپ میں500مستحق خاندانوں میں آٹا، دالیں،چاول، گھی اور چینی پر مشتمل راشن کا تھیلا،روز مرہ استعمال کی اشیاء اور کپڑے تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ حیدرآباد برانچ کے انچارج محمد یونس میمن نے بتایاکہ اس مرتبہ بھی شفاف انکوائری کے بعد5ہزار غریب ومستحق خاندانوںکا انتخاب کیا گیا جس کا مقصد یہ ہے کہ معاشرے کے ان خاندانوں کو بھی رمضان کی خوشیوں میں شامل کیا جائے جوکہ غربت کے ہاتھوں پریشان ہیں۔انھوں نے کہاکہ سیلانی ٹرسٹ کراچی کے بعد اب حیدرآباد میں بھی سستا دودھ وڈبل روٹی کے علاوہ بے گھر افرادکیلیے ذاتی گھر فراہم کرنے کے منصوبے پر بھی کام کررہی ہے۔

سیلانی ویلفیئرکے ٹرسٹی و سیکریٹری نشرواشاعت خرم لودھی نے کہاکہ ٹرسٹ کے بانی مولانا محمد بشیر فاروقی کی ہدایت پر انسانیت کی عملی خدمت اور معاشرے سے غربت کے خاتمے کے لیے بھرپور انداز میںکام کیا جارہا ہے۔

حیدرآباد میں مستحقین کو رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے حیدرآباد شہر، لطیف آباداور قاسم آباد میں مجموعی طور پر12 مقامات پر امدادی کیمپ لگائے جائیںگے جس کے دوران5ہزار خاندانوں میں راش اورکپڑے تقسیم کیے جائیںگے۔اس موقع پر کامران میمن، حاجی محمد یوسف میمن اورذاکرعمر آرائیں بھی موجود تھے۔