دنگل کی ننھی اداکارہ کی والدہ کی پاکستان سے محبت جرم بن گئی

ویب ڈیسک  بدھ 15 فروری 2017
اداکارہ کی والدہ نے ’’دل دل پاکستان‘‘ کے نوٹ کے ساتھ ’’پرسکون رہتے ہوئے بھارت کو ہرا دو‘‘ کی پوسٹ کی تھی، فوٹو:فائل

اداکارہ کی والدہ نے ’’دل دل پاکستان‘‘ کے نوٹ کے ساتھ ’’پرسکون رہتے ہوئے بھارت کو ہرا دو‘‘ کی پوسٹ کی تھی، فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ کی ننھی اداکارہ زائرہ وسیم کی والدہ زرقہ وسیم کی فیس بک پر پاکستان سے والہانہ محبت کی پوسٹ نے انتہا پسند ہندوؤں کو آگ بگولہ کردیا۔

بالی ووڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ’’دنگل‘‘ کی ننھی اداکارہ زائرہ وسیم کا تعلق مقبوضہ وادی سے ہے جس کے باعث سوشل میڈیا پر انتہا پسندوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جب کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر بھی بھارتی وزیر کھیل کی جانب سے ننھی اداکارہ پرطنز کیا گیا تھا لیکن اب اداکارہ کی والدہ کی پاکستان سے محبت کو جرم بنا دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زائرہ وسیم کی والدہ زرقہ وسیم نے 3 سال قبل فیس بک پر پاکستانی کرکٹ ٹیم  کی حمایت میں ’’دل دل پاکستان‘‘ کے نوٹ کے ساتھ ’’پرسکون رہتے ہوئے بھارت کو ہرا دو‘‘ کی پوسٹ کی تھی  جب کہ دوسری پوسٹ میں سبز ہلالی پرچم کی نسبت سے خود کو سبزخون قرار دیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ننھی اداکارہ زائرہ وسیم کا بھارتی وزیر کھیل کو حجاب سے متعلق کرارا جواب

دوسری جانب ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے ننھی اداکارہ کو والدہ کی فیس بک پوسٹ کی بنیاد بنا کرشدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں بھارت سے نکالنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جب کہ بعض افراد نے عامر خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے لیکن اب تک زائرہ وسیم یا ان کے خاندان نے کوئی وضاحتی بیان نہیں دیا جس نے انتہا پسندوں کو مزید بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ زائرہ وسیم ’’دنگل‘‘ کے بعد ایک اور فلم میں عامر خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔