بلوچستان میں فوجی قافلے کے قریب دھماکے میں فوج کے کیپٹن سمیت 3 اہلکار شہید

ویب ڈیسک  جمعرات 16 فروری 2017
فوجی گاڑی کے قریب دھماکا بارودی سرنگ پھٹنے سے ہوا جس میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، آئی ایس پی آر، فوٹو؛ فائل

فوجی گاڑی کے قریب دھماکا بارودی سرنگ پھٹنے سے ہوا جس میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، آئی ایس پی آر، فوٹو؛ فائل

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع آواران میں فوجی قافلے کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 3 سپاہی شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں فوجی قافلے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا جس میں قافلے کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے سے کیپٹن سمیت 3 سپاہی شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن طحہٰ، سپاہی کامران ستی اور سپاہی مہترجان شامل ہیں جب کہ دھماکے میں 2 سپاہی زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مادر وطن کے 3 بیٹے آواران میں شہید ہوگئے جب کہ پاکستان کو محفوظ اور دشمن کو شکست دینے کا ہمارا عزم متاثر نہیں کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔