صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت دیگر کی سیہون دھماکے کی مذمت

ویب ڈیسک  جمعرات 16 فروری 2017
ملکی تحفظ کے لیے جو بھی اختیارمیں ہواکریں گے، وزیراعظم نوازشریف ، فوٹو؛ فائل

ملکی تحفظ کے لیے جو بھی اختیارمیں ہواکریں گے، وزیراعظم نوازشریف ، فوٹو؛ فائل

سیہون شریف: صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر نے لعل شہباز قلندر کی درگاہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے لعل شہباز قلندرکی درگاہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سہون میں درگاہ لعل شہباز قلندر میں دھماکا، متعدد افراد زخمی

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ کسی ایک پرحملہ ہرشخص پرحملہ ہے جب کہ لعل شہباز قلندر پرحملہ ترقی پسند پاکستان کے مستقبل پرحملہ ہے لیکن ایسے واقعات ہمیں خوفزدہ یا تقسیم نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کے مزارات پر حملہ جناح کے پاکستان پربراہ راست حملہ ہے کیوں کہ قیام پاکستان میں صوفیائے کرام نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند روز بہت مشکل گزرے ہیں، ہمیں عالمگیرانسانیت اور قومی شناخت کی بقا کی جدوجہد کے لیے متحد رہنا ہوگا جب کہ ملکی تحفظ کے لیے جو بھی اختیارمیں ہواکریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لعل شہباز قلندرکی درگاہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی فوری مدد کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیوکی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت لعل شہبازقلندر کے مزارمیں دھماکا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کونشانہ بنا کراپنی بزدلی کاثبوت دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔