پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بارش سے متاثرہ میچ ختم

پشاورزلمی نے 117 رنز بنائے جس کے بعد بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔


Sports Desk February 17, 2017
پشاورزلمی نے 16 اوورز میں 117 رنز بنائے جس کے بعد بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا۔ فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل فیس بک پیج

KARACHI: پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پاکستان سپرلیگ کا نواں میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہوسکا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ بارش سے متاثر ہوتا رہا جس کے باعث اسے 16 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو تمیم اقبال اور محمد حفیظ نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن حفیظ 16 رنز بنا کر 41 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے اور این مورگن ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم تمیم اقبال وکٹ پر ڈٹے رہے اور 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ صہیب مقصود بھی 30 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن خان، ریلی روسو اورمحمد اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لئے 118 رنز کا ہدف ملا لیکن موسلا دھار بارش نے انہیں بیٹنگ کرنے کا موقع نہ دیا۔ بارش کو دیکھتے ہوئے امپائرز نے میچ ڈرا کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 7 رنز سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں آج کے پہلے میچ کے حریف پشاور زلمی 4 اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک 3 میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں ٹیموں کو 4،4 پوائنٹس حاصل ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرزدوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔