وفاقی وزرا دہشت گردوں سے ہمدردی رکھتے ہیں، مولا بخش چانڈیو

ویب ڈیسک  اتوار 19 فروری 2017
اپنی ناکامیوں کا ملبہ کسی اورپر ڈال دینا (ن) لیگ کے وزار اور رہنماؤں کا پرانا وطیرہ ہے، مولابخش چانڈیو: فوٹو : فائل

اپنی ناکامیوں کا ملبہ کسی اورپر ڈال دینا (ن) لیگ کے وزار اور رہنماؤں کا پرانا وطیرہ ہے، مولابخش چانڈیو: فوٹو : فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا دہشت گردوں سے ہمدردی رکھتے ہیں جب کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار مسائل کا سامنا کرنے سے قاصر ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ مسائل کا سامنا کرنے سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے لیکن عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار حالات کا سامنا کرنے سے قاصر ہیں، ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کی لہر پر وفاقی وزیر داخلہ کا کچھ نہ بولنا اور گھر میں خاموشی سے بیٹھ جانا ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پنجاب میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وفاقی وزرا دہشت گردوں سے ہمدردی رکھتے ہیں جب کہ (ن) لیگ کے رہنما طلال چوہدری اپنی بد زبانی سے چوہدری نثار کی ناکامیوں کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ کسی اورپر ڈال دینا (ن) لیگ کے وزار اور رہنماؤں کا پرانا وطیرہ ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سانحہ سہون کے بعد اشتعال پھیلانے والے دہشت گردوں کے ساتھی ہیں

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹرنہال ہاشمی نے مولابخش چانڈیو کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ  میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، گزشتہ 9 برس سے صوبے پر پیپلزپارٹی حکمرانی کررہی ہے لیکن اس طویل عرصے میں اب تک کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، سہون میں لوگ شہید ہوگئے اس وقت حکومت سندھ کہاں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مولابخش چانڈیو چوہدری نثار  سے استعفیٰ مانگنےکے بجائے اپنی حکومت کی کارکردگی پر نظر ڈالیں۔

کراچی سے حیدرآباد تک آدھے موٹروے کے افتتاح کے سوال پرنہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو سندھ کے عوام کا احساس ہے ہماری حکومت کی جانب سے موٹروے پہلا تحفہ ہے جب کہ اس کو 4 حصوں میں بنایا جارہا ہے بقیہ حصے کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔