حکومت اور افواج عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  منگل 21 فروری 2017
دہشت گرد حملوں سے ہمارا عزم كمزور نہیں اور زیادہ مضبوط ہوتا ہے، وزیر مملکت برائے اطلاعات، فوٹو؛ ایکسپریس

دہشت گرد حملوں سے ہمارا عزم كمزور نہیں اور زیادہ مضبوط ہوتا ہے، وزیر مملکت برائے اطلاعات، فوٹو؛ ایکسپریس

 اسلام آباد: وزیر مملكت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ دہشت گرد بزدل حملے كركے ہمارے حوصلوں كو كمزور نہیں كرسكتے حكومت اور افواج پاكستان عوام کو كبھی مایوس نہیں كریں گے۔

سپریم كورٹ كے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ چارسدہ میں دہشت گردوں كے حملوں كی شدید مذمت كرتی ہوں، بزدل دہشت گرد پاكستانی قوم اور سیكیورٹی اداروں كے حوصلوں اور عزم كو كمزور كرنے كی كوشش كررہے ہیں مگر ان كی یہ كوشش ناكام ہوگی، وزیراعظم نواز شریف نے كہا تھا كہ دہشت گردوں كے ہر وار سے ہمارا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے، وزیراعظم كی ہدایت پر پورے پاكستان میں دہشت گردوں اوران كے مدد گاروں كے خلاف كارروائی ہورہی ہے، ہماری فوج، سیكیورٹی ادارے اور عوام دہشت گردی كے خلاف پہلے سے زیادہ مستحكم اور مضبوطی كے ساتھ جنگ لڑرہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے كہا ہمارا عزم ہے كہ پاكستان میں آخری دہشت گرد كے خاتمے تك ہماری جنگ جاری رہے گی، دہشت گرد كا كوئی مذہب اور قوم نہیں ہوتی ہے، دہشت گردوں كو معلوم ہونا چاہیے كہ اس طرح كے حملوں سے ہمارا عزم كمزور نہیں اور زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی میں شہید ہونے والوں كے لواحقین کے ساتھ كھڑی ہے، قوم كو پیغام دینا چاہتی ہوں كہ حكومت اور افواج پاكستان آپ كو كبھی مایوس نہیں كریں گے، مل كر دہشت گردی كا مقابلہ كیا ہے اور كر رہے ہیں، انشاءاﷲ دہشت گردی كے خلاف جنگ میں ہمیں فتح ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔