ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی دوسرے روز بھی جاری، سینئرز ڈاکٹرز کو بھی کام سے روک دیا

ویب ڈیسک  بدھ 22 فروری 2017
ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث دوردراز سے آئے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا۔ فوٹو: فائل

ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث دوردراز سے آئے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پنجاب بھر میں ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے جب کہ ینگ ڈاکٹرز نے سینئر ڈاکٹرز کو بھی کام سے روک دیا ہے جس کے باعث مریضوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے 25 لاکھ روپے کی کرپشن کے الزام میں ینگ ڈاکٹرزکے نمائندے ڈاکٹر عاطف کو گرفتار کرنا چاہا تو سروسز اسپتال میں ہنگامہ ہو گیا، ینگ ڈاکٹرزنے کرپشن میں ملوث ڈاکٹر کی گرفتاری کے لئے آنے اینٹی کرپشن ٹیم  پر ہی دھاوابول دیا اور مریضوں کو بھی علاج معالجے کی سہولت سے محروم کردیا جس کی وجہ سے دن بھرمریض بے یار و مدد گار پڑے رہے جب کہ ورثاء مارے مارے پھرتے رہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے صرف ہڑتال پرہی اکتفا نہ کیا بلکہ سینئر ڈاکٹرز کو بھی کام سے روک دیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پنجاب کے مختلف شہروں کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرزنے پھرہڑتال کردی

لاہورکے سروسز اسپتال کے ڈاکٹرز کو اسپتال میں 25 سال سے کام کرنے والے ملازم محمد حسین پر بھی رحم نہ آیا جو بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا۔ اس حوالے سے لواحقین کا کہنا ہے کہ مریض ڈاکٹروں کی غفلت کی وجہ سے جاں بحق ہوا، طبیعت خراب ہونے پر ڈاکٹروں کو ڈھونڈتے رہے مگرکوئی نہ ملا۔ لواحقین نے میت سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور ڈاکٹروں کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

فیصل آباد اورملتان میں بھی ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی جاری ہے جہاں الائیڈ اورسول اسپتال میں ینگ ڈاکٹرزکی ہڑتال کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دوردراز کے علاقوں سے مریض اور ان کے لواحقین سڑکوں پر در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔