پولیس نے لاہورڈیفنس دھماکے کو اتفاقیہ حادثہ قراردے دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 فروری 2017
عمارت میں گیس کی بدبو سے مینجمنٹ کو آگاہ کیا تھا اور دھماکا ماچس جلانے کے بعد ہوا، دھماکے کے زخمی کا بیان، فوٹو؛ ایکسپریس

عمارت میں گیس کی بدبو سے مینجمنٹ کو آگاہ کیا تھا اور دھماکا ماچس جلانے کے بعد ہوا، دھماکے کے زخمی کا بیان، فوٹو؛ ایکسپریس

 لاہور: پولیس نے ڈیفنس دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا جب کہ پولیس کی جانب سے واقعے کو اتفاقیہ حادثہ قرار دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے لاہور کے علاقے ڈیفنس بلاک زیڈ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ ڈیفنس اے پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے دھماکے کو اتفاقیہ حادثہ قراردے دیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں، ریسٹورینٹ کے ویٹرعدنان نے اپنے بیان میں بتایا کہ ریسٹورینٹ میں گیس کے 5 سلنڈرز رکھے تھے، گزشتہ رات اوپر والی منزل سے سلنڈروں کو نیچے لاکررکھا جب کہ گیس کی بدبو سے مینجمنٹ کو بھی آگاہ کیا تھا۔ عدنان نے مزید بتایا کہ اس کے بھائی آصف نے سگریٹ جلانے کے لیے ماچس جلائی جس کے بعد دھماکا ہوا جس میں آصف جاں بحق ہوگیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہور کے علاقے ڈیفنس میں دھماکے سے 9 افراد جاں بحق

ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ بلڈنگ میں دھماکا گیس سلنڈروں کا تھا کیونکہ گزشتہ رات 45 کلو کے 5 سلنڈر متاثرہ عمارت میں آئے تھے جب کہ دھماکے میں بارودی مواد کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس کے زیڈ بلاک کی زیر تعمیر عمارت میں آج ہونے والے دھماکے میں 9 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔