دشمن افغانستان کی زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 23 فروری 2017
بھارت كی پاكستان میں دہشت گردی زبان زد عام ہے، ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا، فوٹو؛ فائل

بھارت كی پاكستان میں دہشت گردی زبان زد عام ہے، ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہےکہ بھارت كی پاكستان میں دہشت گردی زبان زد عام ہے اور دشمن افغانستان كی سرزمین كو پاكستان كے خلاف استعمال كررہا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا کہ حكومت دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات كررہی ہیں، اس سلسلے میں وزیراعظم نے پوری طاقت كے ساتھ دہشت گردوں سے نمٹنے كی ہدایات جاری كی ہیں۔ دفترخارجہ كے ترجمان نے چارسدہ اور دیگر دہشت گردی كے واقعات كی مذمت كرتے ہوئے كہا كہ بھارت كی پاكستان میں دہشت گردی زبان زد عام ہے، دشمن افغانستان كی صورتحال كا فائدہ اٹھا كرپاكستان میں امن مخالف سرگرمیاں كررہا ہے، دہشت گردی پاكستان اور افغانستان دونوں ممالك کے لیے مشتركہ دشمن ہے، دونوں ممالك كو مل كر كوششیں كرنا ہوں گی۔

ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ افغان سفیر نے مشیر خارجہ سے ملاقات میں مل كر كام كرنے كی بھی یقین دہانی كرائی، یہ ملاقات مفید رہی اور مستقبل میں رابطوں كا اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ كشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق كی خلاف ورزیوں جاری ہیں، كشمیر میں رواں برس كے 2 ماہ میں 22 معصوم لوگوں كو شہید كیا گیا ہے۔

ترجمان كا كہنا تھا كہ حالیہ دہشت گردی کی متعلقہ ادارے تفتیش كررہے ہیں اس لیے ہم ہم فوری ردعمل نہیں دینا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ای سی او اركان نے اعلیٰ ترین سطح پر سربراہ اجلاس میں شركت كی یقین دہانی كرائی ہے، اجلاس یكم مارچ كو اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے جب کہ سربراہ اجلاس سے قبل ركن ممالك كے وزرائے خارجہ اور سینئر حكام كا اجلاس منعقد ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔