اسپینش فٹبال رونالڈو نے پریٹو کی ہیٹ ٹرک کو دھندلا دیا

اسٹار پلیئر کے 2 گول، رئیل میڈرڈ نے رئیل سوسائیڈڈ کیخلاف4-3 سے میدان مار لیا۔


AFP January 08, 2013
اسپینش فٹبال: ایسپول کیخلاف بارسلونا کے فارورڈ لیونل میسی گیند کو کک لگارہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

اسپینش فٹبال لالیگا میں رئیل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو کے دو گولز نے رئیل سوسائیڈڈ کے زیبی پریٹو کی ہیٹ ٹرک کو دھندلا دیا۔

دوسرے ہاف میں ان کے ڈبل اٹیک کی وجہ سے میڈرڈ نے4-3 سے میدان مار لیا۔ ریئل میڈرڈ نے مسلسل دوسرے میچ میں اپنے کپتان وگول کیپر اکیر کیسی لاس کو بنچ پر بٹھایا، مگر ان کے متبادل ایڈن گریڈو کی جانب سے ایک پنالٹی کا دفاع نہ کرپانے انھیں میدان میں اتار دیا گیا۔

کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں کریم بینزیما نے میڈرڈ کو برتری دلادی جسے سیمی کھیڈرا نے 35 منٹ میں دگنا کردیا، اس دوران نویں منٹ پر پنالٹی پر گول کرنے والے پریٹو نے ہاف ٹائم سے قبل ہی ایک اور گول کرکے مقابلہ برابر کردیا، دوسرے ہاف میں رونالڈو نے اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالنے کیلیے کوششیں شروع کردیں،انھوں نے 68 اور70 منٹ میں دو مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، اگرچہ پریٹو نے 75 ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی مگر یہ ان کی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکافی ثابت ہوئی۔



دوسرے میچ میں بارسلونا نے ایسپول کو 4-0 سے بے بس کردیا، فاتح سائیڈ کے چاروں گولز پہلے ہاف میں بنے، اس فتح کے ساتھ ہی اس نے اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا، اس کے دوسرے نمبر پر موجود ایٹلٹکو میڈرڈ کے ساتھ11 پوائنٹس کا فاصلہ ہے، ایٹلیٹکو کا مالورکا سے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔