ٹریفک حادثات میں2 افراد ہلاک2 خواتین سمیت7 زخمی مشتعل ہجوم نے ٹرک جلا دیا

فیڈرل بی ایریا بلاک7 میں تیز رفتارٹرک نے موٹر سائیکل سوار راجا فاروق کو کچل دیا،مشتعل نوجوانوں نے ٹرک کو آگ لگادی.


Staff Reporter January 08, 2013
عائشہ منزل :ٹریفک حادثے کے بعد مشتعل افراد کے ہاتھوں نذرآتش ٹرک سے شعلے بلند ہورہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

شہر میں ٹریفک حادثات میں2افراد ہلاک ہو گئے جبکہ فیڈرل بی ایریا میں حادثے کے بعد مشتعل ہجوم نے ٹرک کو نذر آتش کردیا۔

دیگر ٹریفک حادثات میں 2 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے ، تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک7 میں تیز رفتارٹرک کی ٹکر سے55 سالہ موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا جسے عباسی شہید اسپتال پہچایا جا رہا تھا کہ زخمی اسپتال پہنچنے سے قبل ہلاک ہو گیا جبکہ موقع پر موجود مشتعل ہجوم نے ٹرک کو آگ لگادی جسے فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر مکمل جلنے سے بچا لیا، جوہر آباد پولیس کے مطابق ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت راجہ محمد فاروق ولد عبدالغفار کے نام سے ہوئی،متوفی رشید آباد شیر شاہ کا رہائشی ہے، پولیس نے بتایا کہ ٹریفک حادثے کے ذمے دار ٹرک کے ڈرائیور شیراز ولد فوئی داد کو گرفتار کر کے ٹرک تحویل میں لے لیا گیا ہے،۔

ادھر سائٹ بی کے علاقے ہنڈا کمپنی کے قریب ٹریفک حادثے میں27 سالہ رضوان نامی شخص ہلاک ہو گیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے ایدھی ایمبولنس کے ذریعے سول اسپتال پہنچائی گئی ، تاہم ایس ایچ او تھانہ سائٹ بی معید احمد سے رابطے کیا گیا تو انھوں بتایا کہ سائٹ بی تھانے کی حدود میں کسی قسم کا کوئی ٹریفک حادثہ نہیں ہوا ، قیوم آباد اقرا یونیورسٹی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے کورنگی کا رہائشی 35 سالہ راجو خان زخمی ہو گیا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا ، ریسیکیو ذرائع کے مطابق ڈیفنس فیز 4خیابان بدر امام بارگاہ کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6 سالہ بچے سمیت 2افراد زخمی ہو گئے۔

جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ،زخمیوں کی شناخت 6 سالہ شعیب اور 35 سالہ محمد علی کے نام سے ہوئی ہے، سہراب گوٹھ میں ایوب گوٹھ پولیس چوکی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے2خواتین زخمی ہو گئیں ، ریسیکیو ذرائع کے مطابق زخمی خواتین کی شناخت17 سالہ ٹیسا اور 30 سالہ سیتا کے نام سے ہوئی ہے، جنھیں عباسی شہید پہنچایا گیا۔