کاروبار پر چھاپے نہیں ماریں گے چیئرمین ایف بی آر

کم آمدن بتانے والے1ماہ میں درست ریٹرن فائل کردیں،کچھ نہیں پوچھیں گے،زبیرطفیل ملاقات


Business Reporter March 03, 2017
بلاجوازچھاپوں سے خوف پھیل رہاہے،ٹیکس نیٹ بڑھانے پرتوجہ دیں،صدرایف پی سی سی آئی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا ہے کہ ایف بی آر قومی ادارہ ہے جس کا مقصد کسی کو ہراساں کرنا نہیں بلکہ ملکی ترقی کی رفتار بڑھانا ہے، ایف بی آر کا عملہ ٹیکس گزار افراد اور کاروبار پر چھاپے نہیں مارے گا۔

صدرایف پی سی سی آئی زبیر طفیل سے ملاقات کے دوران انھوں نے کہا کہ اپنی آمدنی کو کم ظاہر کرنے والے اگر 1ماہ کے اندر صحیح ٹیکس ریٹرن فائل کریں گے تو ان سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہو گی اور ان کے جمع کرائے ہوئے ریٹرنز کو درست تسلیم کر لیا جائے گا۔ زبیر طفیل نے چیئرمین ایف بی آر کو آگاہ کیا کہ کاروباری برادری ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے مگر بلاجوازچھاپوں سے بزنس کمیونٹی میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے جس سے ان کی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

زبیر طفیل نے چیئرمین ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ ماتحت عملہ کو ہدایت کریں کہ ٹیکس گزاروں پر چھاپے نہ مارے جائیں کیونکہ اس سے ایماندار ٹیکس گزاروں کے مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ساری توجہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے نئے ٹیکس گزار تلاش کرنے پر دی جائے۔

علاوہ ازیں صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ کاروباری برادری بھی جلد از جلد ٹیکس ریٹرن جمع کرائے تاکہ قانونی کارروائی اور دیگر مسائل سے بچا جا سکے۔ انھوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ اپنی حقیقی آمدنی کے مطابق ٹیکس ادا کیا جائے تاکہ ملکی ترقی کے عمل کی رفتار بڑھائی جا سکے۔

مقبول خبریں