پاکستان سپرلیگ سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے اخراج کی وجہ خراب بیٹنگ قرار

وکٹ میں باؤنس کم ہونے کے باوجود126 رنز کا ہدف اتنا مشکل نہیں تھا، مصباح


Sports Desk March 03, 2017
وکٹ میں باؤنس کم ہونے کے باوجود126 رنز کا ہدف اتنا مشکل نہیں تھا، مصباح۔ فوٹو: فائل

KARACHI: اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے اپنی ٹیم کے پاکستان سپرلیگ سے باہر ہونے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خراب بیٹنگ کو شکست کی وجہ قرار دیا۔

دفاعی چیمپئن سائیڈ اس مرتبہ دوسرے پلے آف میں کراچی کنگز کے ہاتھوں 44 رنز سے ناکامی کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ میچ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت میں مصباح الحق نے کہا کہ وکٹ میں باؤنس کم ہونے کے باوجود126 رنز کا ہدف اتنا مشکل نہیں تھا، انھوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم کا انحصار بیٹنگ پر تھا لیکن پریشر گیم میں میرا جلد آؤٹ ہونا بھی شکست کی ایک وجہ بنی۔

مصباح نے کہا کہ مجھے اس بات پر سخت مایوسی ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں پاکستانی شائقین کے سامنے ہوگا اور میری ٹیم فائنل میں نہیں ہوگی لیکن اس بات پر خوشی ہے کہ پاکستانی شائقین کے لیے وہ ایک بڑا میچ ہوگا جس کا وہ بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، ایسی غیر معمولی دلچسپی میں زمبابوے کے خلاف میچز میں دیکھ چکا ہوں۔