کراچی کنگز کو شکست دیکر پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 3 مارچ 2017
کامران اکمل نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری بناتے ہوئے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو: فائل

کامران اکمل نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری بناتے ہوئے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو: فائل

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے فیصلہ کن معرکے میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔  

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کے لئے 182 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں سنگاکارا الیون مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے کرس گیل اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن بابراعظم دوسرے ہی اوور میں کرس جورڈن کی گیند پر ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کپتان کمار سنگاکار بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 15 رنز بناکر واپس پویلین لوٹ گئے تاہم کرس گیل ایک بار پھر مشکل میں دکھائی دیے اور اپنا پہلا رنز لینے کے لیے انہوں نے 9 گیندوں کا انتظار کیا۔

محمد حفیظ نے کرس جورڈن کی گیند پر چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شعیب ملک کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا اور وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے جب کہ روی بوپارا بھی 6 رنز ہی بناسکے۔ کرس گیل تحمل مزاجی سے بیٹنگ کرتے رہے اور کراچی کنگز 10 اوورز میں صرف 59 رنز بناسکی تھی کہ کرس گیل نے شاہد آفریدی کو ایک ہی اوور میں 2 چھکے لگاکر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے تاہم کیرون پولارڈ کی زوردار شارٹ کو پکڑنے کی کوشش میں شاہد آفریدی اپنا ہاتھ زخمی کروا بیٹھے اور میچ سے باہر ہوگئے جس کے بعد وہ مزید اوور نہ کرواسکے، کرس گیل زیادہ دیر تک اپنی جارحانہ اننگز جاری نہ رکھ سکے اور وہاب ریاض نے انہیں بولڈ کردیا، وہ 30 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کیرون پولارڈ اور عماد وسیم نے چھٹی وکٹ کے لیے 62 رنز کی شراکت قائم کرکے پشاور کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن وہاب ریاض پولارڈ کی اننگز کا خاتمہ کرکے زلمی کو ایک بار پھر میچ میں واپس لے آئے، وہ 25 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کرس جورڈن اور وہاب ریاض نے 3،3 جب کہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل اور ڈیوڈ ملان نے پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس لگاتے ہوئے 97 رنز کی شراکت قائم کی تو ملان 36 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے پاکستان سپر لیگ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی وہ 104 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے مارلن سیموئلز نے بھی 21 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ بوم بوم شاہد آفریدی میچ کے آخری اوور میں بیٹنگ کے لیے آئے لیکن پہلی ہی گیند پر باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

واضح رہے پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔