پی ایس ایل کی کامیابی پوری دنیا میں پاکستان کی فتح ہے شہبازشریف

پی ایس ایل کے ذریعے خوشیاں واپس لانے کیلیے خوف کا مقابلہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک March 06, 2017
پی ایس ایل کے ذریعے خوشیاں واپس لانے کیلیے خوف کا مقابلہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی پر پوری دنیا میں پاکستان کی فتح ہوئی اوراس کامیابی کو وطن کے لیے جان دینے والوں کے نام کرتا ہوں۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ خوشیوں کو واپس لانے کے لیے خوف اور خدشات کا مقابلہ کیا، کل پوری دنیا میں پاکستان کی فتح ہوئی، پی ایس ایل فائنل کے لیے پورے پاکستان سے لوگ لاہور امڈ آئے اور جشن کا سماں تھا، پوری قوم ایک لڑی میں پروئی ہوئی تھی جس سے پی ایس ایل کامیاب ہوا اور اس کامیابی کو وطن کے لیے جان دینے والوں کے نام کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ شہیدوں کا لہورنگ لائے گا اور ملک کی خوشیاں دوبارہ لوٹیں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایڈیشن پشاور زلمی کے نام

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل سے متعلق وزیراعظم نے بڑا اعتماد بڑھایا، مجھے آرمی چیف نے تعاون کا یقین دلایا، میری کابینہ نے حوصلہ دیا اور پولیس افسران نے بھی اعتماد بڑھایا جب کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کا ہیلی کاپٹر فراہم کرنے پر مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھرپورتعاون پروزیراعظم، آرمی چیف، وفاقی وزیرداخلہ اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جب کہ ویوین رچرڈ، ڈیرن سیمی اور تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آنے پر تہہ دل سے مشکورہوں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :بین الاقوامی میڈیا میں پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد کی دھوم

وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے سے متعلق بعض سیاستدانوں کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ نادان دوست ڈر گئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں فائنل نہ کرائیں ان کے منفی بیانات کی وجہ سے کچھ مہمان پاکستان نہیں آئے، تمام سیاست دانوں کو پی ایس ایل کے موقع پر مثبت بیان دینے چاہیے تھے۔