کراچی میں کوئی غلط منصوبہ مکمل نہیں ہونے دوں گا، وسیم اختر

ویب ڈیسک  جمعرات 9 مارچ 2017
میں بھی دفتر میں بیٹھ كر نوٹ چھاپ سكتا ہوں لیكن مجھے اپنے شہر كی فكر ہے، میئر کراچی، فوٹو؛ فائل

میں بھی دفتر میں بیٹھ كر نوٹ چھاپ سكتا ہوں لیكن مجھے اپنے شہر كی فكر ہے، میئر کراچی، فوٹو؛ فائل

 کراچی: میئر كراچی وسیم اختر کا کہنا ہےکہ میں دفتر میں بیٹھ كر نوٹ چھاپ سكتا ہوں لیكن مجھے كراچی كی فكر ہے اور شہر میں کوئی غلط منصوبہ مکمل نہیں ہونے دوں گا۔

فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری كے دفتر كے دورے كے موقع پر تاجروں اور صنعتكاروں سے خطاب كرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ كراچی میں ہم سب كے مسائل مشتركہ ہیں، ہر علاقے میں كچرے كے ڈھیر ہیں اورسیوریج كا پانی بكھرا ہوا ہے، انڈسٹریل ایریا سب سے زیادہ ٹیكس دیتا ہے لیكن یہ اہم شعبہ بھی اپنے بنیادی مسائل حل ہونے كے انتظار میں ہے۔ انہوں نے كہا كہ سپریم كورٹ نے كراچی میں واٹر اور سیوریج كے مسائل كا نوٹس لیا ہے جس سے امید ہے كہ كوئی مثبت فیصلہ سامنے آئے گا۔

وسیم اختر نے كہا كہ میں بھی دفتر میں بیٹھ كر نوٹ چھاپ سكتا ہوں لیكن مجھے كراچی كی فكر ہے، ہمارے تمام محكمے تباہ حال ہیں، تمام منصوبوں كو كاغذوں میں ركھا ہوا تھا، میں ایسے تمام كاغذی منصوبوں كا پیسہ روك رہا ہوں تو میرے خلاف خبریں چلائی جارہی ہیں، میں تو كراچی كی آواز بن رہا ہوں تاہم شہر كا تاجر طبقہ بھی مختلف فورم پر كراچی كے مسائل پر آواز اٹھائے، اس وقت نہ كوئی چیمبر اور نہ ہی پاكستان اسٹاك ایكسچینج كراچی كے مسائل پر كوئی بات كررہا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے كہ تاجر برادری كو صرف اپنے كاروبار كی فكر ہے، میں شہر میں كوئی غلط منصوبہ مكمل نہیں ہونے دوں گا۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مردم شماری كے حوالے سے ہونے والے خدشات پر كوئی بات نہیں كررہا، انصاف پر مبنی مردم شماری سے ہی مسائل كا حل ممكن ہو گا، مردم شماری منصفانہ نہ ہوئی تو اس كا خمیازہ سب كو بھگتنا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔