اداکار ایاز خان کی دکان میں نقب زنی رقم اور سامان چوری

ایازخان انصاف کیلیے تھانے کے چکرلگاتے رہے، واردات کے 3روز بعد مقدمہ درج ہوا


Staff Reporter March 14, 2017
ڈیڑھ ماہ کے دوران چشموں کی دکانوں میں نقب زنی کی چوتھی واردات ہے، اداکار۔ فوٹو: فائل

گلشن اقبال میں اداکار ایاز خان کی چشمے کی دکان میں نقب زنی کی واردات کے دوران نامعلوم چور نقدی، قیمتی چشمے، چشموں کے ڈبے، ایل ای ڈی، جنریٹر اور سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

بدھ اور ہفتے کی درمیانی شب گلشن اقبال تھانے کے علاقے گلشن اقبال بلاک5 میں نامعلوم چوروں نے اختر آئی اسپتال کے سامنے واقع ادا کار ایاز خان کی چشمے کی دکان کے تالے توڑکر دکان میں موجود ڈھائی لاکھ، قیمتی چشمے اور ان کے باکس، ایل ای ڈی ٹی وی، جنریٹر اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ نقب زنی کی واردات کے 3روز بعد پیرکوگلشن اقبال پولیس نے اداکار ایاز خان کی مدعیت میں نقب زنی کی واردات کا مقدمہ نامعلوم چوروں کے خلاف درج کرکے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کردی۔

اداکار ایاز خان کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال پولیس نقب زنی کی واردات کا مقدمہ درج نہ کرنے کے لیے3 روز تک مختلف حیلے بہانے بناتی اور اس دوران انھوں نے تھانے کے کئی چکر بھی لگائے تاہم پیر کوگلشن اقبال پولیس نے بلاآخر واردات کا مقدمہ درج کر لیا جبکہ گلشن اقبال بلاک 5 میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران چشموں کی دکانوں میں نقب زنی کی واردات کا یہ چوتھا واقعہ ہے لیکن نہ پولیس ان وارداتوں میں ملوث چوروں کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو سکی اور نہ ہی نقب زنی کی وارداتوں میں روکنے میں کامیاب ہوسکی۔

علاوہ ازیں اداکار ایازخان نے اعلیٰ پولیس افسران نے مطالبہ کیا ہے کہ نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث چوروں کو جلد گرفتار کیا جائے۔