پاک امریکن فرٹیلائزرکے ہزاروں مزدوروں کی بیروزگاری کاخدشہ

2 سال سے گیس کی مسلسل بندش کے باعث پیداوار بری طرح متاثرہوئی ،کمپنی انتظامیہ


Numainda Express July 30, 2012
2 سال سے گیس کی مسلسل بندش کے باعث پیداوار بری طرح متاثرہوئی ،کمپنی انتظامیہ

KARACHI: پاک امریکن فرٹیلائزر فیکٹری کی مسلسل2سال سے گیس کی بندش کی وجہ سے پیداواری صلاحیت بری طرح متاثرہوئی ہے، متعلقہ حلقوں نے بتایا کہ اگر صورتحال یہی رہی تو ہزاروں مزدوروںکے گھروںکے چولھے ٹھنڈے ہوجائیں گے، پاک امریکن فرٹیلائزر فیکٹری پاکستان کی سب سے بڑی فیکٹری ہونے کے علاوہ کھاد کی ضرورت پوری کرنے میں ایک بہت بڑا کردار ادا کررہی ہے اور اربوں کے حساب سے سالانہ ٹیکس قومی خزانے میں جمع کراتی ہے۔

فیکٹری کے جنرل منیجرمینوفیکچرنگ محمدنعیم نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت مزدورکی خیرخواہ ہے تو اسے چاہیے کہ فوری طور پر گیس کی فراہمی یقینی بناکرہزاروں مزدوروںکے چولہے ٹھنڈے ہونے سے بچائے، کیونکہ گیس کی مسلسل بندش کی وجہ سے ہزاروں مزدوروں کی معاشی بربادی کا اندیشہ واضھ ہوچکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاک امریکن فرٹیلائزر نہ صرف پیداوار کے ذریعے ملک کی خدمت کررہی ہے بلکہ علاقے کے لوگوں کو تعلیم صحت اور صاف پانی کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے بھی اہم کرداراداکررہی ہے، انھوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فیکٹری کوگیس کی سپلائی جلد بحال نہ کی تو اندیشہ ہے کہ متاثرہ مزدور احتجاج اوربھوک ہڑتال شروع کردیںگے۔