صوبے میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنیکی ہدایت

ملزمان کی گرفتاریوں کیلیے ٹارگٹڈ کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، آئی جی.


Staff Reporter January 12, 2013
ملزمان کی گرفتاریوں کیلیے ٹارگٹڈ کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، آئی جی۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ فیاض لغاری نے کوئٹہ اور سوات میں دہشت گردی اور دھماکوں کے حالیہ واقعات کے تناظر میں پولیس کو شہریوں کی جان و مال کی سلامتی کے جملہ فرائض مزید سخت کرنے اور انتہائی مستعد و چوکنا رہتے ہوئے انجام دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ضلعی اور ڈویژنل پولیس افسران علاقوں میں امن و امان کے حالات پر مکمل پولیس کنٹرول کے ضمن میں تمام اہم پوائنٹس ، نجی و سرکاری عمارتوں و دفاتر اور حساس تنصیبات کے علاوہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف میں موثر گشت کے ساتھ ساتھ تمام پبلک مقامات بشمول شاپنگ سینٹرز ، تفریحی پارکس اور فاسٹ فوڈ چینز پر اضافی پولیس تعیناتی ، پولیس پکٹنگ ، رینڈم اسنیپ چیکنگ ، پارکنگ ایریاز اور مشکوک گاڑیوں و موٹر سائیکلوں پر کڑی نگاہ رکھنے کے خاطر خواہ انتظامات کو یقینی بنائیں۔

آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تھانہ جات کے تحت سیکیورٹی فرائض پر مامور افسران اور جوان متعلقہ وائرلیس بیس سے مسلسل رابطوںمیں رہیں، انھوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں انسداد جرائم کے سلسلے میں کی جانے والی کارروائیوں اور پولیس کو مطلوب مفرور و اشتہاری ملزمان کے ساتھ ساتھ مختلف مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے ٹارگٹڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔