پیرس میں عالمی مالیاتی ادارے کی عمارت میں دھماکا

ویب ڈیسک  جمعرات 16 مارچ 2017
دھماکے میں استعمال ہونے والی ڈیوائس گھر میں بنایا گیا بارودی مواد تھا ، پولیس۔ فوٹو:  دی سن

دھماکے میں استعمال ہونے والی ڈیوائس گھر میں بنایا گیا بارودی مواد تھا ، پولیس۔ فوٹو: دی سن

پیرس: عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کی عمارت میں لفافے میں بھیجا گیا معمولی نوعیت کا بم پھٹنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کی عمارت میں لفافے میں لپٹا ہوا معمولی نوعیت کا بم بھیجا گیا اور جیسے ہی کلرک نے لفافہ کھولا تو اچانک دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کلرک کے ہاتھ اور چہرہ جھلس گیا۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس اور فوج نے موقع پر پہنچ کر عمارت کو خالی کرالیا اور زخمی ہونے والے کلرک کے علاج کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی عمارت میں موصول ہونے والا لفافہ آئی ایم ایف کے یورپین بیورو چیف کو ارسال کیا گیا تھا جسے پہلے کلرک نے کھول کر مشاہدہ کیا تو وہ دھماکے سے پھٹ گیا تاہم زخمی ہونے والے کلرک کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب پیرس پولیس کے ہیڈ مچل کیڈٹ کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی ڈیوائس گھر میں بنائی گئی تاہم اسے بم نہیں کہا جاسکتا جب کہ دھماکے کے وقت جائے وقوعہ پر3 افراد موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف حکام کو 3 روز قبل نامعلوم فون کال آئی جو غیر معمولی تھی۔

ادھر آئی ایم ایف چیف کرسٹینا لاگارڈ نے تخریب کاری کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام جاری رکھے گا جب کہ دھماکے کی تحقیقات اور اپنے عملے کی حفاظت کے لئے فرانسیسی حکام سے مکمل رابطے میں ہیں۔ فرانسیسی صدر فرانسسز اولاند نے آئی ایم ایف عمارت میں دھماکے کو حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تخریب کاری اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ ہم اب تک نشانے پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔