چوروں کا ٹولہ سندھ میں گٹرکے ڈھکن بھی بیچ کرکھا گیا، مسلم لیگ (ن)

ویب ڈیسک  اتوار 26 مارچ 2017
شرجیل میمن جتنا چاہے شورمچالیں چوہدری نثار کے احتساب سے نہیں بچ سکتے اورانہیں کرپشن کا جواب دینا ہوگا، مریم اورنگزیب۔ فوٹو: فائل

شرجیل میمن جتنا چاہے شورمچالیں چوہدری نثار کے احتساب سے نہیں بچ سکتے اورانہیں کرپشن کا جواب دینا ہوگا، مریم اورنگزیب۔ فوٹو: فائل

فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میں ایک سے بڑھ کرایک چور ہے جب کہ شرجیل میمن اور آصف زرداری لوٹ کھسوٹ میں ڈاکٹریٹ ہیں اور یہ چوروں کا وہ ٹولہ ہے جو سندھ کے گٹر کے ڈھکن بھی بیچ کرکھا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ شرجیل میمن شور مچا کر اپنی چوری اورکرپشن نہیں چھپا سکتے، کرپشن کرنے والے چوہدری نثار سے خوفزدہ ہیں، چوہدری نثار کی سچائی، دیانت اور کردار پر سوال اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، شرجیل میمن جتنا چاہے شور مچالیں چوہدری نثار کے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کو کرپشن کا جواب دینا ہوگا، وفاقی وزیرداخلہ گزشتہ دور کی کرپشن کا گند صاف کر رہے ہیں جب کہ شرجیل میمن اپنی چوری اورکرپشن چھپانے کے لئے شورکیوں مچارہے ہیں، وہ قوم کو جواب دیں چوری اورکرپشن کیوں کی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ چوہدری نثار پر پاکستانی قوم نے اعتماد کرکے انہیں وزیر داخلہ بنایا، چوہدری نثار وہ نام ہے جو وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کر رہے ہیں، شور مچانے والے عوام کی لوٹی دولت کا جواب دیں اور یہ دولت واپس کریں۔

دوسری جانب فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا شرجیل میمن اور آصف زرداری نے لوٹ کھسوٹ میں ڈاکٹریٹ کر رکھی ہے، سندھ میں چور اور ڈاکوؤں کی حکومت ہے، ایک زرداری سب پر بھاری نہیں بلکہ ایک زرداری کی کرپشن سب پر بھاری ہے، آصف زرداری 10 فیصد کرپشن سے 100فیصد پر چلے گئے، انہوں نے بینظیر بھٹو کا خون بیچا، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والاسابق گورنر ماڈل ایان علی کا کیس لڑتا ہے، انہیں تو شرم سے ڈوب مرناچاہئے، آئندہ انتخابات میں زرداری ٹولے کو مکمل ڈرائی کلین کریں گے۔ انھوں نے کہا آصف زرداری پنجاب پر قبضہ تو دور کی بات ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکیں گے، باپ بیٹے کے پنجاب میں بیٹھنے سے کوئی فرق نہیں پڑیگا، اب توسندھ بھی ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ پیپلزپارٹی نے کرپشن، بدعنوانی اور لوٹ مار کا ریکارڈ قائم کیا، شرجیل میمن کے اربوں روپے لانچوں کے ذریعے بیرون ملک جاتے تھے، شرجیل میمن اور ایان علی کی منی لانڈرنگ کے بعد پیپلز پارٹی کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ، سندھ کے حکمران آصف زرداری سمیت 80 فیصد کمیشن لے کر ترقیاتی کام کرا رہے ہیں۔

عابد شیر علی نے کا کہنا تھاشرجیل میمن تین سال ملک سے مفرور رہے، پاکستان کا سرمایہ لوٹ کر باہر لے گئے اس وقت انھیں کوئی شرم و حیا نہیں آئی۔ وہ پاکستان آتے، انھیں کس نے باہر روکا ہوا تھا، کس سے ڈرتے تھے اور خوفزدہ تھے، یہ شخص چور اور ڈاکو ہے ، جب ضمانت لینے جائےنگح تو ضمانت منسوخ ہو جائیگی، یہ جیل جائیں گے اور بتائیں گے پاکستان کا اربوں روپیہ انھوں نے کس کیلیے لوٹااور کس کو کمیشن دیتے رہے۔ عابد شیر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ ایک مرتبہ پھر حکومت بنائیگی جبکہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی دیکھتے ہی رہ جائینگے، نوازشریف کو اللہ نے پہلے بھی عزت دی اور وہ اب بھی سرخرو ہوں گے، عدالتی فیصلہ قانون کے مطابق آئیگا، پاناماکیس فیصلہ کے بعد بھی وزیراعظم نوازشریف ہی ہونگے۔انہوں نے کہاعمران خان بال ٹمپرنگ اور میچ فکسنگ کے ماسٹر مائنڈ اور ریلو کٹا اور ٹیرو کٹا ہیں جب کہ چوہدری برادران چوراور ڈاکو ہیں، مہران بینک اسیکنڈل اس بات کا بڑا ثبوت ہے، وہ آج تک گجرات میں ایک پل مکمل نہیں کر سکے جبکہ شہباز شریف نے موٹروے سمیت صوبہ بھر میں سڑکوں اوردیگر ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا۔

ادھرمسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چوہدری نے کہاکہ پیپلزپارٹی میں ایک سے بڑھ کرایک چورہے، وہ اربوں کی کرپشن کرکے شور مچا رہے ہیں، شرجیل میمن کی چوریاں ذوالفقارمرزا سے پوچھ لیں، یہ چورکرپشن کرکے سیاست کے پیچھے چھپتے ہیں۔ انھوں نے کہا چوہدری نثارکے خلاف باتیں کرنے والے ان کیخلاف کرپشن کا ایک الزام تو سامنے لائیں۔ طلال چوہدری نے کہا پیپلزپارٹی کرپشن چھپانے کیلیے بیان بازی کا سہارا لے رہی ہے، شرجیل اپنی چوری کا حساب دیں ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں، پنجاب لینے کی بات کرنے والے کراچی کاکوڑا نہیں اٹھاسکے، یہ وہ لوگ ہیں جو وفاق سے نکالے گئے اب سندھ سے نکالے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔