ہاکی انڈیا لیگ پاکستانی پلیئرز کو شدید خطرات لاحق

لاکھوں ڈالر مالیت کے ایونٹ میں پاکستان کے 9 نامور کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔


Sports Reporter January 14, 2013
شیو سینا کے کارکنوں کی جانب سے حملے کے بعد منتظمین کی پریشانی بھی بڑھ گئی ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ہاکی انڈیا لیگ میں شرکت کیلیے جانے والے پاکستانی پلیئرز کی سیکیورٹی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

شیو سینا کے دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کے بعد منتظمین کی پریشانی بھی بڑھ گئی ہے، حکومت سے مدد حاصل کرنے کے ساتھ سیکیورٹی پلان از سرے نو مرتب کرنے پرغور شروع کیا جارہا ہے، ممبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے ایک سینئر اہلکار منوج بھور کا کہنا ہے کہ ہم اس سلسلے میں متعلقہ ٹیموں اور حکومتی اداروں سے بات کریں گے۔ دوسری جانب لاکھوں ڈالر مالیت کے ایونٹ کا آج سے آغاز ہورہا ہے، اس میں پاکستان کے 9 نامور کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پیر سے شروع ہونے والی ہاکی انڈیا لیگ میں شرکت کیلیے بھارت میں موجود پاکستان کے کھلاڑی ممبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے اسٹیڈیم میں مقامی پلیئرز کے ساتھ پریکٹس میچ کھیل رہے تھے کہ شیو سینا کے کارکن احتجاجی مظاہرہ کے دوران نعرے بازی کرتے ہوئے میدان کی جانب بڑھے تاہم پولیس نے فوری طور پر سیکیورٹی کے پیش نظر مہمان پلیئرز کو اپنی حفاظت میں اسٹیڈیم سے باہر نکال لیا۔ اس واقعے کے بعد پاکستان کے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کافی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

 



اس سے قبل شیوسینا نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی مگر حکومتی سطح پر انتہائی سخت انتظامات کی وجہ سے ان کے لیے باہمی سیریز کو سبوتاژ کرنا ممکن نہیں ہوسکا تھا مگر یہ ہاکی لیگ ملک کے مختلف وینیوز پر کھیلی جارہی ہے جس میںکھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے زیادہ سخت انتظامات کی ضرورت ہوگی۔ ہنگامے کے بعد ممبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے ایک سینئر اہلکار منوج بھور نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم ایک اجلاس میں تھے کہ شیو سینا کے کارکن آئے اور پاکستان کے خلاف نعرہ بازی شروع کرتے ہوئے کہا کہ پلیئرز کو اپنے ملک میں کھیلنے نہیں دیں گے، نئی صورتحال میں لا حق ہونے والے خدشات پر فکر مند آفیشل نے بتایا کہ ٹیموں سے بات چیت ہوگی۔

لوکل کمیٹی اور پولیس سے بھی گفتگو کے بعد فیصلہ ہوگا کہ آخر کیا کیا جائے؟ ہاکی انڈیا لیگ میں 16 دسمبر کو ہونے والی نیلامی میں فروخت ہونے کے بعد پاکستان کے رضوان سینئر اور رضوان جونیئر دہلی ویو رائیڈرز ٹیم میں شامل کیے گئے۔سعید کاشف شاہ پنجاب واریئرز ، شفقت رسول اور محمد عرفان رانچی رائینو کا حصہ جبکہ محمود توثیق، محمود رشید، فرید احمد اور عمران بٹ ممبئی میجیشن کی طرف سے کھیلنے کے پابند ہیں۔ دریں اثنا ہاکی انڈیا لیگ کا آغاز پیر سے ہورہا ہے، ایونٹ میں پاکستان کے9 نامور کھلاڑیوں سمیت دنیا کے کئی ٹاپ پلیئرز ایکشن میں دکھائی دیں گے، مجموعی طور پر 6ٹیموں کے مابین 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی میچ میں دہلی ویو رائیڈرزکی ٹیم پنجاب واریئرز کے مقابل ہو گی۔

ہر مقابلے کی فاتح ٹیم کو 5، ڈرا کی صورت میں 2، 2 پوائنٹس ملیں گے۔ ایونٹ کے آخری لیگ میچز 7 فروری کو کھیلے جائیں گے، سیمی فائنلز 9 فروری جبکہ چیمپئن کا فیصلہ 10 فروری کو ہو گا، اسی روز تیسری پوزیشن کا میچ بھی کھیلا جائے گا۔ گزشتہ روز ٹرافی کی تقریب رونمائی میں ہاکی انڈیا لیگ کے چیئرمین نریندرا بٹرا نے بتایا کہ مین آف دی ٹورنامنٹ کو 25 جبکہ بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کو 20 لاکھ روپے کے خصوصی انعامات دیئے جائیں گے، ہر مقابلے کے مین آف دی میچ اور بیسٹ گول کرنے والے کو 25،25 ہزار روپے ملیں گے۔