دوسرا ون ڈے ناقابل شکست لاہیرو نے کینگروز کو خاک چٹا دی

سری لنکا نے 171 کا آسان ہدف صرف 2 وکٹیں کھو کر تقریباً 10 اوورز قبل حاصل کرلیا


AFP January 14, 2013
آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ون ڈے میں سری لنکن بیٹسمین لاہیرو تھریمانے شاٹ کھیل رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ون ڈے میں ناقابل شکست لاہیرو نے کینگروز کو خاک چٹا دی۔کیریئر کی پہلی سنچری کی بدولت اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلادی، سیریز بھی 1-1 سے برابر ہوگئی.

سری لنکا نے 171 کا آسان ہدف صرف 2 وکٹیں کھو کر تقریباً 10 اوورز قبل حاصل کرلیا، مین آف دی میچ لاہیرو تھریمانے 102 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، تلکارتنے دلشان نے بھی ففٹی بنائی۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 170 پر ڈھیر ہوگئی، بریڈ ہیڈن کے مزاحمتی 50 رنز کسی کام نہیں آئے، لسیتھ مالنگا نے 3 جبکہ انجیلو میتھیوز اور تشارا پریرا نے دودو وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 107 رنز کی ناکامی کا بھی منہ توڑ جواب دے دیا۔ بولنگ اٹیک کی تباہ کن پرفارمنس کی وجہ سے آئی لینڈرز کو فتح کے لیے 171 رنز کا ہدف ملا، اوپنر اپل تھارنگا پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے کلنٹ میک کے کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں موجود بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، اس وقت تک اسکور بورڈ پر بھی مہمان سائیڈ کا ایک بھی رن درج نہیں تھا مگر اگلی وکٹ کے لیے کینگروز کو 34 ویں اوور تک انتظار کرنا پڑا۔

اس دوران تلکارتنے دلشان اور لاہیرو تھریمانے نے اسکور کو 137 تک پہنچا کر اپنی ٹیم کی کامیابی کا راستہ صاف کردیا، جب گلین میکسویل نے تلکارتنے دلشان کو کیریئر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے بین کٹنگ کی گیند پر کیچ کیا تو وہ 51 رنز بناچکے تھے، لاہیرو تھریمانے نے اوپنر کی جدائی کا صدمہ دل پر نہیں لیا اور ڈیبیو کرنے والے کوشل پریرا کے ساتھ ٹیم کو ٹارگٹ پر پہنچادیا، ان کے بیٹ کی ضرب سے گیند کے بائونڈری پار کرتے ہی سری لنکن ٹیم نے خوشیاں منانا شروع کردیں، لاہیرو تھریمانے102 اور کوشل پریرا14 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

اس سے قبل تیز بارش کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا قسمت نے مہمان قائد مہیلا جے وردنے کا ساتھ دیا جنھوں نے ٹاس جیتتے ہی ابر آلو کنڈیشنز میں میزبان سائیڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، چوتھے اوور میں ایرون فنچ (4) انجیلو میتھیوز کی گیند پر جیون مینڈس کا کیچ بن گئے، گذشتہ میچ کے سنچورین فل ہیوز کو 4 رنز پر کولاسیکرا نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ جارج بیلی ( 26) کی وکٹ لسیتھ مالنگا نے لاہیرو تھریمانے کی مدد سے لی۔ صرف بریڈ ہیڈن ہی کچھ ہمت دکھا پائے، ان کے 50 رنز پر اجنتھا مینڈس کی گیند پر لاہیرو تھریمانے کا کیچ بنتے ہی آسٹریلوی اننگز 46.5 اوورز میں ختم ہوگئی۔