جے یو پی امسال عید میلادالنبی ؐ کا تاریخی جشن منائے گی

کراچی کودلہن کی طرح سجا ئیں گے،سیاستدان ربیع الاول کے تقدس کاتحفظ کریں،شبیر ابو طالب


Staff Reporter January 14, 2013
کراچی کودلہن کی طرح سجا ئیں گے،سیاستدان ربیع الاول کے تقدس کاتحفظ کریں،شبیر ابو طالب. فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD: جمعیت علمائے پاکستان کے تحت جشن ولادت باسعادت نہایت عقیدت اور جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔

اس بار بھی کراچی کودلہن کی طرح سجاکر عید میلادالنبیؐ کو تاریخی اور یادگار بنادیں گے ،سیاستدان ربیع الاول کے تقدس کاتحفظ کریں،ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما شبیرابوطالب نے نبیؐ کے غلاموں کا شہر کراچی کے تحت اہلسنت تنظیموں ،میلاد انجمنوں اور اہلسنت شخصیات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہا کہ کراچی شہر کاتشخص ہمیشہ سے مذہبی رہا ہے ہم اس شہر کے تشخص کو کبھی ختم نہیں ہونے دیںگے۔

11

عاشقان مصطفیؐ تمام خدشات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آقائے دوجہاںؐ کی دنیا میں تشریف آوری کا جشن منانے کی تیاریاں کریں ،اپنی مساجد گھروں اور دفاتر کو سجائیں ،رنگ برنگے قمقموں سے سجاوٹ کریںاور سبز گنبد اور نعلین پاک والے پرچموںکو آویزاں کریں، حکومت شہر میں امن وامان یقینی بنائے اور لاقانونیت پھیلانے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرے ،غلامان مصطفی میلادالنبیؐ کے پروگراموں میں رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کرینگے۔

کے ای ایس سی محافل میلاد اور دیگرتقریبات کے اوقات میں بجلی کی مکمل فراہمی کے اقدامات کرے،اجلاس میں مفتی محمدبشیرالقادری، مفتی رفیع الرحمٰن نورانی، پیر سید اعجاز علی نقوی، صاحبزادہ تسلیم وارثی ،علامہ عبدالغفار اویسی اوردیگر شریک تھے۔