لانگ مارچ کو اسلام آباد بلیوایریا تک جانے کی اجازت

موبائل سروس معطل داخلی راستوں پر چیکنگ،کاروباری مراکزویران،فضائی نگرانی ہوگی


Numainda Express January 14, 2013
وفاقی اسپتال میں ڈیزاسٹرپلان نافذ،سیکیورٹی انتظامات مکمل،22ہزاراہلکارتعینات ۔ فوٹو ثنا

حکومت نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری کے لانگ مارچ کو سعودی پاک ٹاور تک داخل ہونے کی اجازت دیدی ہے اور پیشکش کی ہے کہ اگر مارچ کے شرکا بلیو ایریا میں اسٹاک ایکسچینج پلازہ تک آکر رک جائیں تو انھیں سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور اگر اس پوائنٹ کو عبور کرکے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو سختی کی جائے گی۔

اسٹاک ایکسچینج پلازہ کے قریب جلسے کیلیے اسٹیج بھی تیار کیا جارہا ہے۔ ادھر لانگ مارچ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیںِ ، ریڈزون اور دیگر مقامات پر وفاقی پولیس، پنجاب پولیس ، آزاد کشمیر پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 22 ہزار اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ فوج بھی الرٹ رہے گی، داخلی راستے بند اور ریڈ زون مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، 72 داخلی راستوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی سخت چیکنگ ہوتی رہی، دارالحکومت میں آج لاہور کی طرح موبائل فون سروس کی بند ش کا بھی امکان ہے جبکہ مارچ کے شرکاء کی فضائی نگرانی کی جائے گی۔

05

انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کے باعث اسلام آباد چھائونی کا منظر پیش کرنے لگا ہے اور شہریوں کو نقل وحرکت میں انتہائی مشکلات کا سامنا ہے، فائیو سٹار ہوٹلز میں رہائش پذیر افراد کو پوش سیکٹرز کے گیسٹ ہائوسز میں منتقل کردیا گیا ، شہر کے تمام تجارتی و کاروباری مراکز ویران ہوگئے، سستے بازاروں میں خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب رہی۔ وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر انتظام تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔ این این آئی کے مطابق تحریک منہاج القرآن نے 4850 رجسٹرڈ عہدیداروں کو ٹولیو کی شکل میں اسلام آباد داخل ہونیکی ہدایت کی ہے۔ قبل ازیں لانگ مارچ کے لاہور سے لے کر پورے روٹ پر موبائل فون سروس معطل کر دی گئی تھی۔