آئندہ انتخابات میں سیاسی حریفوں کا مکمل صفایا کردیں گے، شہبازشریف

ویب ڈیسک  منگل 28 مارچ 2017
جو کراچی کا کوڑا نہیں اٹھاسکے وہ پنجاب میں کمیشن لینے کی بات کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

جو کراچی کا کوڑا نہیں اٹھاسکے وہ پنجاب میں کمیشن لینے کی بات کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

لودھراں:  وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عوام مسائل کے حل اور کارکردگی کی بنیاد پر اپنے حکمرانوں کا چناؤ کرتی ہے لہٰذا ہم آئندہ انتخابات میں سیاسی حریفوں کا مکمل صفایا کردیں گے۔

لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا مخالفین کہتے ہیں کہ پنجاب میں ترقیاتی کام رشوت لے کر ہوتے ہیں، کراچی کا کوڑا نہ اٹھا سکنے والے بھی پنجاب میں کمیشن لیے جانے کی بات کرتے ہیں جب کہ ان کے دور میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے زراعت تباہ اورصنعتیں بند ہوگئی تھیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے قوم کے وسائل لوٹے، ایسے لوگوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی والے  پہلے کراچی کا کچراصاف کریں پھر پنجاب کا رُخ کریں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پنجاب بہتر بنانے کی باتیں کرنے والے پہلے کراچی کا کوڑا تو اٹھالیں

شہبازشریف نے کہا کہ اب بجلی کے منصوبوں پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، کسانوں کو کھاد اور بجلی پر سبسڈی مل رہی ہے، جب جنوبی پنجاب میں سیلاب آیا تھا تو دن رات یہاں رہا، ملتان میں میٹرو بس سروس شروع کی گئی جس سے ہر طبقہ فکر مستفید ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا  کہ جنوبی پنجاب میں منصوبے سالوں نہیں مہینوں میں مکمل کریں گے، خانیوال سڑک منصوبے پر 21 ارب روپے لاگت آئے گی، چھوٹے کاشتکاروں کو  100 ارب روپے کے بلاسود کے قرضے دے رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ اسی سال پورا ہوگا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہم پر کمیشن لینے کا الزام لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام مسائل کے حل اور کارکردگی کی بنیاد پر اپنے حکمرانوں کا چناؤ کرتی ہے لہٰذا ہم آئندہ انتخابات میں سیاسی حریفوں کا مکمل صفایا کردیں گے، پاکستان میں تبدیلی صرف نوازشریف کی قیادت میں ہی آئے گی اور ان کی  قیادت میں ہی  پاکستان دنیا کا طاقتور ترین ملک بنےگا۔ شہبازشریف نے لودھراں میں 20 ائیرکنڈیشنڈ بسوں،  25 ارب روپے کے پیکیج سے زرعی یونیورسٹی، ایک ارب روپےکی لاگت سےریلوے کراسنگ اور لودھراں میں 2 رویا سڑکیں بنانے کا بھی اعلان کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔