فلورملز مالکان کی من مانیاں شہر میں مہنگے آٹے کی فروخت جاری

سندھ حکومت نےآٹےکی خوردہ قیمت33.50روپےکلومقررکی ہے،شہرمیں ڈھائی نمبرآٹا42روپےاورفائن آٹا44روپے کلو فروخت کیاجارہا ہے.


Business Reporter January 15, 2013
فوٹو : فائل

سندھ حکومت نے کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص اور لاڑکانہ کے لیے آٹے کی خوردہ قیمت 33.50روپے کلو مقرر کردی ہے۔

تاہم کراچی میں ڈھائی نمبر آٹا42روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے، شہریوں سے کھلے عام سرکاری قیمت سے 8.5روپے فی کلو زائد وصول کیے جارہے ہیں ،کنٹرولرجنرل آف پرائسز اور ڈپٹی کمشنرز آٹے کی پرائس کنٹرول کرنے میں تاحال ناکام ہیں، سندھ حکومت نے 7جنوری کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کےتحت آٹے کی ایکس مل قیمت 32روپے کلو اور خوردہ قیمت 33.50روپے کلو مقرر کی ہے

سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری قیمت پر سختی سے عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے عوام کو سرکاری قیمت پر آٹے کی دستیابی ممکن بنائی جائے، سندھ حکومت نے فوڈ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری قیمت پر آٹے کی فروخت یقینی بنانے کے لیے فلور ملوں اور بازاروں کی نگرانی کے لیے ٹیمیں تعینات کی جائیں ۔



آٹے کی سرکاری قیمت پر فروخت نہ ہونے کی صورت میںفوڈ ڈپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے،دوسری جانب فلور ملوں نے پیر کو آٹے کی ایکس مل قیمت میں مزید ایک روپے کا اضافہ کردیا ،ریٹیلرز کے مطابق پیر کو بازار بند ہونے اور سپلائی محدود ہونے کے باوجود ڈھائی نمبر آٹے کی 50کلو بوری کی قیمت 50روپے اضافے سے 1900روپے اور فائن آٹے کی بوری کی قیمت 50روپے اضافے سے 2000روپے کردی گئی ،خوردہ سطح پر ڈھائی نمبر آٹا تاحال 42روپے اور فائن آٹا 44روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔