سنی تحریک نظام مصطفی کے نفاذ کیلیے جدوجہد کرتی رہے گی

ملکی سلامتی و استحکام کیخلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنادینگے،ثروت اعجاز.


Staff Reporter January 15, 2013
ملکی سلامتی و استحکام کیخلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنادینگے،ثروت اعجاز. فوٹو: فائل

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف علم جہاد بلند کرنے پر ہماری دو اعلیٰ قیادتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ہم ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے جس میں عوام کے حقوق کا استحصال ہوتا ہو، قرآن و سنت کی بالادستی میں ہی عوام کے حقوق کا حصول ہے پاکستان سنی تحریک نظام مصطفی کے نفاذ کیلیے جدوجہد کرتی رہے گی، کوئٹہ میں گورنر راج مسئلے کا حل نہیں۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ کوئٹہ سمیت کراچی میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے فوج کے ذریعے آپریشن کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنّت پر آئے ہوئے علماکے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کوئٹہ اور کراچی کا ایشو ایک ہی ہے کہ حکومت دہشت گردوں کو آکسیجن فراہم کررہی ہے۔



پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی نہ صرف مذمت کی بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جلسے ، ریلیاں، سیمینار سمیت ہر فورم پر آواز بلند کی اور دہشت گردوں کے مکروہ چہروں کو بے نقاب کیا مگرافسوس حکمرانوں نے دہشت گردوں کو قانونی شکنجے میں لینے کے بجائے آکسیجن فراہم کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں، ہم کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے خوفزدہ ہونے والے نہیں، بانی و قائد شہید محمد سلیم قادری، سربراہ پاکستان سنی تحریک شہید محمد عباس قادری کی شہادت پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کیلیے عملی نمونہ ہے جنھوں نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کو تو قربان کردیا مگر بیرون ملک میں پناہ نہیں لی۔