سندھ کی صورتحال پر وزیراعلیٰ کو مستعفی ہوجانا چاہیے امتیاز شیخ

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ و دیگر واقعات پر بے بسی ظاہر کرنا ان کی نااہلی ہے.


Staff Reporter January 15, 2013
طاہرالقادری کے لانگ مارچ کی حمایت،راجاجکھرانی فنکشنل لیگ میں شامل. فوٹو : فائل

مسلم لیگ فنکشنل کے امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔

کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے واقعات کو کنٹرول نہ کرنا اور اپنی بے بسی ظاہر کرنا ان کی نا اہلی ہے، سندھ کی تقسیم کی باتیں کرنے والے سوچ لیں سندھ کوئی کیک نہیں کہ اس کے ٹکڑے کیے جائیں گے، کراچی میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ووٹر لسٹیں تیار کی جائیں، فوج کی تعیناتی نہ کرنا الیکشن کمشنر کی نااہلی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے راجا ہائوس پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جیکب آبادی کی سیاسی شخصیت میر راجا خان جکھرانی نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا اعلان بھی کیا، امتیاز شیخ نے کہا کہ طاہر القادری کے لانگ مارچ کی پہلے بھی حمایت کی اور اب بھی حمایت کرتے ہیں لیکن کسی بھی صورت انتخابات کا التوا قبول نہیںکریں گے۔



انھوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ پر بہت افسوس ہے، شہدا کے ورثا کے موقف کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے شہدا کے قتل کی شفاف تحقیقات کرائی جائے، انھوں نے کہا کہ پیر صاحب پگارا نے میر فریداللہ خان جمالی کے بلوچستان میں بحثیت پارٹی صدر کے نوٹیفکیشن کا اجراکردیا ہے، وہ جلد ہی کوئٹہ میں متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کیلیے جائیں گے۔