جڑواں شہرسیلفضائی نگرانی موبائل سروس معطل رہی

اسلام آباد:وزیرداخلہ رحمن ملک بلیو ایریا میں لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لے رہے ہیں۔


Numainda Express January 15, 2013
اسلام آباد:وزیرداخلہ رحمن ملک بلیو ایریا میں لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ کے موقع پر پیر کے روز جلوس کے روٹس اور بلیو ایریا میں جلسہ گاہ سمیت وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ۔

دن بھر مارچ کے روٹس ، جلسہ گاہ اور جڑواں شہروں کی ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی کی جاتی رہی، داخلی راستوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی چیکنگ ہوتی رہی ، ریڈزون اور ارد گرد کے علاقے مکمل سیل رہے ، 20 ہزار سے زائد اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے، ریڈزون میں رینجرز اور ایف سی کے دستے تعینات رہے ، مارگلہ کی پہاڑیوں پر بھی شارپ شوٹر تعینات رہے جبکہ جنگل کے علاقہ میں ایف سی اور رینجرز اہلکار مسلسل گشت کرتے رہے ۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے فوج بھی الرٹ رہی، ریڈزون اور فیض آباد تک نقل وحرکت کو فلم بند کرنے کیلیے سی سی ٹی وی کیمرے آپریشنل رہے ، لانگ مارچ کے روٹس اور جڑوں شہروں میں موبائل فون اور وائر لیس سروس معطل رہی۔ جلسہ گاہ میں تمام شرکاء کو واک تھرو گیٹس سے گزارا گیا ، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی الرٹ رہیں،وزیر داخلہ رحمن ملک وزارت داخلہ میں مرکزی کنٹرول روم سے خود سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے ، انھوں نے مارچ کے روٹس اور جڑواں شہروں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔