براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں خلاف توقع 6 فیصد اضافہ

گزشتہ ماہ بیرونی سرمایہ کاری میں بہتری، جولائی تا نومبر 30.56 کروڑ ڈالر، صرف دسمبر میں 25.4 کروڑ ڈالر کی ایف ڈی آئی۔


Business Reporter January 16, 2013
پہلی ششماہی میں مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 85.6 فیصد اضافے سے 68 کروڑ 41 لاکھ ڈالر، پورٹ فولیو انویسٹمنٹ 216 فیصد بڑھ گئی۔ فوٹو: فائل

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں 85.6 فیصد اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 6 ماہ (جولائی تا دسمبر 2012) کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 68 کروڑ 41 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں کی جانے والی 36 کروڑ 87 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 31کروڑ 54 لاکھ ڈالر زائد ہے۔

اس دوران غیرملکی نجی سرمایہ کاری 63.9 فیصد کے اضافے سے 69کروڑ 5 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 42کروڑ 13 لاکھ ڈالر رہی تھی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری توقعات کے برعکس 6 فیصد کے اضافے سے 56کروڑ 28 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی مالیت 53 کروڑ 11 لاکھ ڈالر تھی۔

یاد رہے کہ جولائی سے نومبر 2012 تک براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 27.1 فیصد کم رہی تھی، رواں مالی سال کے ابتدائی 5ماہ کے دوران 30کروڑ56لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی جبکہ صرف دسمبر میں 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ایف ڈی آئی ریکارڈ کی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبر 2012 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے انفلوز 1 ارب 11 کروڑ ڈالر رہے جبکہ آئوٹ فلوز کی مالیت 54 کروڑ 79 لاکھ ڈالر رہے، اس طرح نیٹ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ 56 کروڑ 28 لاکھ ڈالر رہی۔



اسٹیٹ بینک کے مطابق پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا رجحان بھی مثبت رہا اور مجموعی طور پر 216.4 فیصد اضافے سے 12 کروڑ78 لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری دیکھی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2012کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 23کروڑ 71 لاکھ ڈالر رہی جبکہ دسمبر 2011 کے دوران 8 کروڑ27 لاکھ ڈالر کی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

دسمبر 2012 میں فارن پرائیوٹ انویسٹمنٹ 23 کروڑ 69 لاکھ ڈالر رہی، دسمبر 2011 میں 8 کروڑ 30لاکھ ڈالر کی فارن پرائیوٹ انویسٹمنٹ کی گئی تھی، دسمبر 2012میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 25کروڑ40لاکھ ڈالر رہی جو دسمبر 2011 میں 11 کروڑ 18 لاکھ ڈالر تھی، دسمبر 2012 کے دوران فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کے انفلوز 31 کروڑ 80 لاکھ اور آئوٹ فلوز 6کروڑ40لاکھ ڈالر رہے جو دسمبر 2011 کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری انفلوز 20کروڑ 97 لاکھ ڈالر اور 9کروڑ 79 لاکھ ڈالر کے آئوٹ فلوز ریکارڈ کیے گئے تھے۔