سنجے دت ’’گول مال 4‘‘ کی ٹیم سے ملنے سیٹ پر پہنچ گئے

ویب ڈیسک  منگل 4 اپريل 2017
سنجے دت کی فلم کی ٹیم سے ملاقات کے بعد ان کی بھی فلم میں شمولیت سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، فوٹو؛ فائل

سنجے دت کی فلم کی ٹیم سے ملاقات کے بعد ان کی بھی فلم میں شمولیت سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، فوٹو؛ فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سنجو بابا اپنے دوست اجے دیوگن سمیت فلم کی ٹیم سے ملنے ’’گول مال ریٹرنز‘‘ کے سیٹ پر پہنچ گئے جس کے بعد فلم کے چوتھے سیکوئل میں سنجے دت کی شمولیت سے متعلق بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف مشہور ہدایت کار روہت شیٹھی کامیڈی فلم ’’گول مال‘‘ کے چوتھے سیکوئل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں اداکارہ تبو اور پرینتی چوپڑا کی صورت میں 2 نئے لوگ سیکوئل کا حصہ ہیں تاہم آج فلم کے پروڈیسر اور مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اجے دیوگن نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی جس میں سنجے دت بھی فلم کی کاسٹ کے ساتھ دکھائی دیئے۔

سنجو بابا کی آج ’’گول مال ریٹرنز‘‘ کے سیٹ پر موجودگی کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ سنجے دت بھی فلم میں مختصر رول میں دکھائیں دیں گے جب کہ اس حوالے سے ہدایت کار کی جانب سے بھی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے تاہم یہ فلم کی ریلیز کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ وہ اپنے دوست اجے دیوگن سے ملنے گئے تھے یا پھر فلم کا حصہ ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ تبوکی 17سال بعد کامیڈی فلم ’’گول مال4‘‘میں انٹری

واضح رہے ہدایت کار روہت شیٹھی کی جانب سے بنائی جانے والے فلم کے دونوں سیکوئل ’’گول مال ریٹرنز‘‘ اور’’گول مال تھری‘‘ نے زبردست بزنس کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔