بلدیہ عظمیٰ ٹھڈو برج وگلشن ٹائون کے ٹینڈر جاری کرنے سے انکار

ٹھکیداروں کا احتجاج،نیب اور اینٹی کرپشن نوٹس لے کر اپنی نگرانی میں ٹینڈرنگ کرائیں۔


Staff Reporter January 16, 2013
کنٹریکٹ مینجمنٹ دبائو پر مخصوص کمپنیوں کو ٹینڈر الاٹ کرنے پر مجبورہوگئی، ذرائع. فوٹو: آن لائن

ISLAMABAD: بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے کنٹریکٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے ٹھیکیداروں کو ٹھڈو برج اور گلشن اقبال ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر جاری کرنے سے انکار کردیا ہے جس پر ٹھکیداروں نے احتجاج کرتے ہوئے اینٹی کرپشن اور نیب سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے کر ٹینڈرنگ کا کام رکوائیں اور اپنی نگرانی میں ٹینڈرنگ کرائیں جبکہ ٹھکیداروں نے بدھ کو سوک سینٹر میں احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔

باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ سروسز کے کنٹریکٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے ٹینڈرنگ کے عمل میں تسلسل کے ساتھ بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کا عمل جاری ہے مگر کنٹریکٹ مینجمنٹ کی بے قاعدگیوں کا کسی سطح پر کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ہے، بدھ کو بلدیہ عظمیٰ کے تحت ملیر کینٹ کے قریب ٹھڈو نالے پر پل کی تعمیر اور گلشن اقبال ٹاؤن میں 2 ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر کھلنے ہیں۔

1

تاہم بلدیہ عظمیٰ کے کنٹریکٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے ان منصوبوں کے ٹینڈرز کی دستاویزات ٹھیکیداروں کو جاری کرنے سے انکار کردیا ہے اور یہ موقف اختیار ہے کہ ان پر اوپر سے دباؤ ہے جس کے تحت ہم مخصوص کمپنیوں کو یہ ٹینڈر الاٹ کرنے پر مجبور ہیں،اس صورتحال پر ٹھیکیداروں نے منگل کو احتجاج کیا اور اعلیٰ حکام کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ اگر بدھ کو بھی ٹینڈر دستاویزات جاری نہ کیے گئے تو وہ سوک سینٹر میں احتجاج کرینگے، ٹھیکیدار کمپنیوں نے نیب اور اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور کنٹریکٹ مینجمنٹ کے معاملات کی تحقیقات کرائی جائیں جبکہ بدھ کے ٹینڈر منسوخ کرکے نئی تاریخ دی جائے۔