پریمیئر فٹبال لیگ کے آر ایل نے فاتح ٹرافی وصول کرلی

30 میچز میں71 پوائنٹس حاصل کیے،کے ای ایس سی کی دوسری پوزیشن۔


Sports Reporter January 16, 2013
کلیم اللہ نے 35 گول کر کے ریکارڈ بنا دیا۔ فوٹو: فائل

کے آر ایل نے نویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ کی فاتح ٹرافی وصول کر لی، ٹیم نے30 میچز میں71 پوائنٹس حاصل کیے،کے ای ایس سی62 پوائنٹس کی دوسری اور اتنے ہی پوائنٹس کی حامل مسلم ایف سی چمن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

گذشتہ روز کے پی ٹی اسٹیڈیم کراچی میں کے آر ایل اور پی آئی اے کے درمیان آخری مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا،آرمی (58) نے چوتھی، پاکستان ایئر فورس (53) نے پانچویں، نیشنل بینک (44) نے چھٹی، نیوی (37) نے ساتویں ،پی آئی اے (36) آٹھویں، افغان ایف سی چمن (35) نے نویں، بلوچ ایف سی نوشکی (34) نے دسویں ، واپڈا (32) نے 11 ویں، حبیب بینک (32) نے 12ویں، کراچی پورٹ ٹرسٹ (32) نے 13 ویں جبکہ زرعی ترقیاتی بینک لمٹیڈ(27 پوائنٹس) نے 14ویں پوزیشن حاصل کی، پی ایم سی ایتھلیٹیکو ایف سی فیصل آباد اور ووہیب ایف سی لاہور کی ٹیمیں دسویں پی پی ایف ایل سے آئوٹ ہوگئیں۔

کلیم اللہ نے نویں لیگ میں سب سے زیادہ 35 گول کر کے ریکارڈ قائم کر دیا،کے ای ایس سی کے محمد رسول نے 25،آرمی کے عنصر عباس نے16 جبکہ کے پی ٹی کے محمد نے 13 بار گیند کو جال کی سیر کرائی۔ یاد رہے کہ 2004ء کے ٹاپ اسکورر واپڈا کے عارف محمود (20گول) رہے تھے، 2005ء میں آرمی کے عمران حسین (21)، 2006ء واپڈا کے عارف محمود (21)، 2007ء واپڈا کے عارف محمود(21)، 2008ء کے آر ایل کے محمد رسول (22)، 2009ء واپڈا کے عارف محمود (20) ، 2010ء واپڈا کے عارف محمود (21)اور2011ء میں افغان ایف سی چمن کے جدید خان پٹھان (22 گول) سب سے آگے رہے۔ واپڈا کے عارف محمود نے پی اپی ایف ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹاپ اسکورر رہنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔



حالیہ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 7 ، رنر اپ کوپانچ جبکہ تیسری پوزیشن والی ٹیم کو چار لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی،تینوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میڈلز بھی دیے گئے۔ ٹاپ اسکورر کے آر ایل کے کلیم اللہ 35 گول کر کے ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم کے مستحق قرار پائے، بہترین گول کیپرجعفر خان (آرمی) کوایک لاکھ روپے، بیسٹ کھلاڑی سعید خان (مسلم ایف سی) کو ڈیڑھ لاکھ روپے ملے، فیئر پلے کا انعام ایک لاکھ روپے مسلم ایف سی کو دیا گیا، بہترین ریفری ارشاد الحق نے بھی اتنی ہی رقم وصول کی،50 ہزار روپے بیسٹ نائب ریفری عدنان انجم کو دیے گئے، بہترین میچ کمشنر عبدالشکور بلوچ کو ایک لاکھ روپے ملے۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جنرل سیکریٹری پاکستان فٹ بال فیڈریشن، لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کیں، ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ اینڈ کمپی ٹیشن ونگ کمانڈر (ر) پرویز سعید میر بھی تقریب تقسیم انعامات میں موجود تھے،اس موقع پر جنرل سیکریٹری پی ایف ایف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ایف ایف نے ملک میں فٹبال جیسے عالمی کھیل کو متعارف کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، پریمیئر لیگ کی وجہ سے پاکستان میں فٹبال کی پسندیدگی میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا، اس کی بدولت ہمارے کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر پزیرائی بھی ہوئی۔