کالی آندھی پاکستان کیلیے تازہ ہوا کا جھونکا بن گئی

ون ڈے سیریز میں کامیابی نے قدم چومے توورلڈکپ میں براہ راست رسائی کا سفرآسان ہوجائے گا


Sports Desk April 05, 2017
ون ڈے سیریز میں کامیابی نے قدم چومے توورلڈکپ میں براہ راست رسائی کا سفرآسان ہوجائے گا. فوٹو: فائل

کالی آندھی پاکستان کیلیے تازہ ہواکا جھونکا بن گئی، ون ڈے سیریز میں کامیابی نے قدم چومے تو ورلڈکپ میں براہ راست رسائی کا سفر آسان ہوجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی20سیریز میں3-1سے کامیابی سے پاکستانی حوصلے بلندیوں کو چھونے لگے، ٹیم ون ڈے میں بھی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست رسائی کے امکانات روشن کرنا چاہتی ہے، مہمان کھلاڑیوں نے گیانا میں ڈیرے ڈال دیے جہاں تینوں میچز کھیلے جائیں گے،پہلا مقابلہ جمعے کو ہوگا۔

رینکنگ میں گرین شرٹس اس وقت 89پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبرپر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی5پوائنٹس کے فرق سے نویں پوزیشن ہے، رواں سال 30 ستمبر کی حتمی تاریخ تک میزبان ملک انگلینڈ سمیت ٹاپ 8 ٹیمیں ہی میگا ایونٹ میں براہ راست جگہ بنائیں گی، دیگر 2 کا فیصلہ کوالیفائرز کے ذریعے ہوگا، گرین شرٹس کو یکم جون سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں بھی شرکت کرنا ہے جب کہ کیریبیئنز کوالیفائی ہی نہیں کرسکے۔

جمعے کو شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم کو کمزور ویسٹ انڈین ٹیم پر ہاتھ صاف کرنے کا سنہری موقع ملے گا، ٹوئنٹی 20 سیریز میں میزبان بیٹسمین نوآموز لیگ اسپنر شاداب خان کی گھومتی گیندوں کو سمجھنے میں ناکام رہے، عماد وسیم نے بھی کھل کر کھیلنے کے مواقع نہیں دیے، پیسر حسن علی کی ورائٹی بھی پریشانیاں پیدا کرتی رہی، اگرچہ پاکستانی بیٹنگ بھی غیر معمولی کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہی لیکن بولرز نے حریف کی کمزوریاں آشکار کرتے ہوئے فتوحات کا سفر آسان بنا دیا۔

ویسٹ انڈین ون ڈے اسکواڈ استحکام کا متلاشی نظر آرہا ہے،انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں3-0سے ناکام ہونے والے کیریبیئنز جارح مزاج کارلوس بریتھ ویٹ کی خدمات سے بھی محروم ہوچکے۔ حیران کن طور پر انھیں فارم اور فٹنس کی بحالی کیلیے ہوم سیریز کھیلنے کے بجائے آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت دیدی گئی ہے، اوپنر کریگ بریتھ ویٹ اسٹرائیک ریٹ کم ہونے کی وجہ ڈراپ ہوئے، ان کا خلا پُرکرنے کیلیے شیڈوک والٹن سے امیدیں وابستہ کی گئی ہیں، انھوں نے آخری ون ڈے میچ 2014میں کھیلا تھا، ایون لوئیس نے تیسرے ٹوئنٹی20میچ میں فتح گر اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کی نوید سنائی، اب دیگر بیٹسمین پرفارمنس میں بہتری لانے کیلیے فکرمند ہونگے۔

ویسٹ انڈین ہیڈ کوچ اسٹورٹ لا کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں ٹیم نے معیار سے کم تر کارکردگی پیش کی، دوسرے میچ میں فتح یقینی نظر آرہی تھی لیکن بیٹنگ اچانک لڑکھڑا گئی، تیسرا مقابلہ ایون لوئیس کی انفرادی کوشش سے جیت لیا، آخری میچ میں مڈل آرڈر بیٹسمینوں نے غیر ذمہ دارانہ اور تباہ کن اسٹروکس کھیلے، ون ڈے سیریز میں کامیابی کیلیے کارکردگی میں تسلسل لانا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کارلوس بریتھ ویٹ کو فٹنس اور بولنگ بہتربنانے کیلیے محنت کی ضرورت ہے۔

آئی پی ایل میں شرکت اس مقصد کیلیے کار آمد ثابت ہوسکتی ہے، بھارت میں کھیلتے ہوئے دہلی ڈیرڈیولز کے کوچ راہول ڈریوڈ انھیں فٹ رہنے، بہتر بولنگ اور اسپن بولنگ کو اچھاکھیلنے کے نسخے بتا سکتے ہیں، اوپنر کریگ بریتھ ویٹ پاور پلے میں مطلوبہ اسٹرائیک ریٹ برقرار نہیں رکھ پائے تھے، ٹیم کو مثبت آغاز فراہم کرنے والے بیٹسمین کی تلاش ہے، انھوں نے کہا کہ شیڈوک والٹن نے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ میں اچھی فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ 5میچز میں 3 سنچریاں بنائیں، پاکستان کیخلاف ابتدائی 10 اوورز میں ان کی کارکردگی کیریبیئنز کو قابل قدر ٹوٹل کیلیے بنیاد فراہم کرسکتی ہے، امید ہے کہ اوپنر مایوس نہیں کریںگے۔