طاہر القادری کسی اور کی زبان بول رہے ہیں پیر مظہرالحق

چھوٹے صوبوں کی مرضی کے بغیر کیے گئے فیصلے تعصب پر مبنی ہیں، صوبائی وزیر.


Staff Reporter January 16, 2013
چھوٹے صوبوں کی مرضی کے بغیر کیے گئے فیصلے تعصب پر مبنی ہیں، صوبائی وزیر۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن، سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینئر وزیر سندھ برائے تعلیم و خواندگی پیر مظہرالحق نے جماعت اسلامی کے سربراہ سید منور حسن کے پریس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام آصف علی زرداری سے محبت کرتے ہیں اور جماعت اسلامی سے متنفر ہیں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انھوں نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے اور یہاں کے عوام نے جماعت اسلامی کو پسند نہیں کیا اور نہ ہی ووٹ دیے، اسی وجہ سے جماعت اسلامی کبھی سندھ سے کامیابی حاصل نہیں کرسکی، انھوں نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ساتھ میں بھی منہاج القرآن مرکز لندن میں گیا تھا، اس وقت طاہر القادری منفرد تھے اور آج کے طاہر القادری الگ ہیں۔

10

سینئر وزیر نے کہا کہ اس وقت طاہرالقادری کی زبان اور تھی اور آج طاہرالقادری کی زبان اور ہے یہ زبان ان کی اپنی نہیں کسی اور کی ہے ،انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان وفاق ہے، چھوٹے صوبوں کی مرضی کے بغیر کیے گئے فیصلے تعصب پر مبنی ہیں، انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے لیکن عدلیہ نے کبھی بھی پیپلز پارٹی کے عوامی مینڈ یٹ کا احترام نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ منتخب وزیراعظم کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے وقت اداروں میں ٹکرائو کی فضا اس وقت قائم کی جارہی ہے جس وقت جمہوری اور عوامی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر رہی ہے۔