آفاق احمد کیخلاف درج مقدمات اور ان کی تفصیلات پیش کی جائیں ہائیکورٹ

ان کیخلاف بعض جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے ہیں جو کہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں,آفاق احمد.


Staff Reporter January 16, 2013
فوٹو: ایکسپریس/فائل

LONDON: سندھ ہائیکورٹ نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے متعلق مواد طلب کرلیا ،عدالت نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ آفاق احمد کے خلاف درج مقدمات،ان کی نوعیت اور دیگرتفصیلات سے متعلق 10دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

چیف جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے خلاف مہاجرقومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد کی درخواست کی سماعت کی،محکمہ داخلہ کی جانب سے تقریباً ایک سال بعد پیش کیے گئے جواب میں عدالت کو بتایا گیا کہ آفاق احمد دہشت گردی اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوث ہیں اور مقدمات کی نوعیت کے پیش نظر ان کا نام ای سی ایل میںشامل کیا گیا ہے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ مقدمات کی تفصیلات پیش کی جائیں،آئینی درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ اور ڈائریکٹر امیگریشن کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ درخواست گزارمہاجرقومی موومنٹ کے سربراہ ہیں اور آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت انھیں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہونی چاہیے،آفاق احمد نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کیخلاف بعض جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے ہیںجو کہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔