کارکنان اور عوام موجودہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں آفاق احمد

موجودہ حکومت اپنا اخلاقی جوازکھوچکی ہے،عام انتخابات کا اعلان کردینا چاہیے.


Staff Reporter January 17, 2013
موجودہ حکومت اپنا اخلاقی جوازکھوچکی ہے،عام انتخابات کا اعلان کردینا چاہیے۔ فوٹو: فائل

مہاجرقومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنا اخلاقی جواز کھوچکی ہے اب نئے انتخابات کا اعلان کردینا چاہیے۔

انھوں نے مہاجر کارکنان و عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، انھوں نے کہا کہ سیاسی ابتری کا فائدہ اٹھاکر جرائم پیشہ عناصر اور قاتلوں کی کارروائیوں میں اضافہ خارج ازامکان نہیں،مہاجر عوام و کارکنان جوایک طویل عرصے سے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جارہے ہیں انھیں خصوصی احتیاط کرنی ہوگی۔



انھوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت اپنا اخلاقی جواز کھوچکی ہے اور اسے اب عام انتخابات کا اعلان کردینا چاہیے تاکہ سیاسی درجہ حرارت میں جو اضافہ ہورہا ہے وہ معمول پر آسکے، چیئرمین آفاق احمد نے مزید کہا حکمرانوں کا طرزعمل دیکھتے ہوئے ایسا نہیں لگتا کہ وہ حکومت چھوڑ نے پر تیار ہیں اس لیے حالات مزید خراب ہونے کے خدشات سر اٹھا رہے ہیں لہٰذا کارکنان و عوام کسی نقصان سے بچنے کیلیے احتیاط کریں اور خود کو متحرک سیاسی کردار ادا کرنے کیلیے ذہنی و جسمانی طور پر تیارکرلیں۔