شہریوں کو گرمی سے بچانے کیلیے ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز فعال کردیئے، میئر کراچی

ویب ڈیسک  جمعـء 14 اپريل 2017
كراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں 24 گھنٹے ہیٹ اسٹروك كے مریضوں كو فوری طبی امداد مہیا كرنے انتظام كیا ہے، وسیم اختر، فوٹو؛ فائل

كراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں 24 گھنٹے ہیٹ اسٹروك كے مریضوں كو فوری طبی امداد مہیا كرنے انتظام كیا ہے، وسیم اختر، فوٹو؛ فائل

 کراچی: میئركراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ شدید گرم موسم میں شہریوں كو ہیٹ اسٹروك سے محفوظ ركھنے كے لیے اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز کو فعال کردیا گیا ہے۔

لائنز ایریا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ ہیٹ اسٹروك سے شہریوں كا متاثر ہونا ایك خطرناك صورتحال ہے اور ہم ایسی حالت میں شہریوں كو تنہا نہیں چھوڑ سكتے لہٰذا اس حوالے سے آگاہی مہم اور ہیٹ اسٹروك سے بچاؤ كے لیے حفاظتی مراكز كے قیام كے ذریعے ہرممكن كوشش كی جارہی ہے كہ شہری اپنے معمولات زندگی كی ادائیگی كے دوران شدید اور غیر معمولی گرمی كے اثرات سے محفوظ رہیں اور اگر ضرورت پڑے تو متاثرہ افراد كو فوری اور موثر طبی امداد مہیا كی جائے۔

وسیم اختر نے كہا كہ بلدیہ عظمیٰ كراچی اور ضلعی بلدیات نے شہریوں كو ہیٹ اسٹروك سے تحفظ فراہم كرنے كے لیے اپنے طور پر اقدامات كیے ہیں، كے ایم سی نے عباسی شہید اسپتال اور كراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں 24 گھنٹے ہیٹ اسٹروك كے مریضوں كو فوری طبی امداد مہیا كرنے انتظام كیا ہوا ہے جب كہ دیگر 10 مراكز بھی ہمہ وقت شہریوں كی مدد كے لیے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عباسی شہید اسپتال سمیت كے ایم سی كے 12 اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروك مینجمنٹ سینٹرز كو فعال كردیا ہے جہاں ڈاكٹرز، پیرامیڈیكل اسٹاف اور ضروری ادویات كا وافر ذخیرہ موجود ہے، شہر كے كسی بھی علاقے میں ہیٹ اسٹروك یا لو لگنے كی صورت میں شہری فوری طور پر ان طبی مراكز سے رجوع كریں جن كے رابطہ نمبر بذریعہ اخبارات مشتہر كیے جاچكے ہیں۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ كے ایم سی كے اسپتالوں میں حفاظتی مراكز قائم كرنے كے ساتھ ساتھ ہم نے شہر كے تمام دیگر سركاری اور نجی اسپتالوں سے بھی درخواست كی ہے كہ وہ ہیٹ اسٹروك یا لو سے متاثرہ مریضوں كو ترجیحی بنیاد پر فوری طبی امداد كی فراہمی یقینی بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔