26 ہزار گھوسٹ ملازمین کا انکشاف جلد فارغ کر دینگے شرجیل میمن

381ملازمین انتقال کرگئےانکی تنخواہیں وصول کی جارہی ہیں،دہری ملازمتیں کرنیوالے1264افرادکو نکال دیا،6ہزارملازمتیں دینگے


Staff Reporter July 31, 2012
شرجیل میمن سندھ ملازمین اسمارٹ کارڈ کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں کوبریفنگ دے رہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

حکومت سندھ کے مختلف محکموں اور اداروں میں 26 ہزار گھوسٹ ملازمین کا پتہ لگا لیا ہے جنھیں ملازمتوں سے فارغ کرکے حکومت سندھ کے سالوں سے ضایع ہونے والے ساڑھے چھ ارب روپے بچالیے جائیں گے،6ہزار نئی ملازمتیں بھی نکالی جائیں گی،

381 ملازمین انتقال کر گئے ہیں لیکن ان کی تنخواہیں بھی حاصل کی جا رہی ہیںجبکہ16065ملازمین ایسے ہیں جنھوں نے اپنی عمریں غلط درج کروائی ہوئی ہیں،یہ انکشاف وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پیر کو نیو سندھ سیکریٹریٹ بلڈنگ میں سندھ ملازمین اسمارٹ کارڈ کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی، اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چائولہ ،

رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی ، ڈی جی نادرا بریگیڈیئر زاہد حسین ، ڈی جی ایم نادرا کرنل قدیر وڑائچ بھی موجود تھے،شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ اس نے خود احتسابی کے ذریعے اپنے چار لاکھ ایک ہزار ملازمین کا مکمل ڈیٹا چیک کر کے ان میں سے1264ایسے ملازمین نکالے جو کہ دہری ملازمتیں کرتے ہیں،انھوں نے کہا کہ سندھ ملازمین کے سروے کے مطابق3 لاکھ27 ہزار ملازمین کے پاس نئے شناختی کارڈ ہیں جبکہ73ہزار ملازمین کے شناختی کارڈ پرانے ہیں جن میں سے21 ہزار سے زائد شناختی کارڈ ریکارڈ پر موجود ہیں،صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ381 ملازمین انتقال کر گئے ہیں

لیکن ان کی تنخواہیں حاصل کی جا رہی ہیں، انھوں نے کہا کہ نادرا کے تعاون سے638 شناختی کارڈ بلاک کردیے گئے ہیں جبکہ16065 ملازمین ایسے ہیں جنھوں نے اپنی عمریں غلط درج کروائی ہوئی ہیں، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں بڑی سے بڑی قربانیاں دی ہیں اور انھیں ہی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے،انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو طعنے دینے والے دیکھ لیں کہ آج گڈ گورننس کا وعدہ بھی حکومت نے پورا کر دیا ہے اور عوام اس بات پر مبارک باد کے مستحق ہیں، انھوں نے کہا کہ سندھ میں اگر کوئی عوامی پارٹی ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے ،

اگر کوئی پیپلز پارٹی مخالفین کو جمع کر رہا ہے تو انھیں معلوم ہونا چاہیے کہ صفر جمع صفر برابر صفر ہی ہوتا ہے انھیں سندھ میں کچھ حاصل نہیں ہوگا، صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ این آر او کا فائدہ سب سے زیادہ مسلم لیگ (ن) کو ہی ہوا ہے جس کے سربراہ میاں نوازشریف جلا وطنی کی زندگی ختم کر کے وطن واپس آئے ہیں اگر این آر او نہ ہوتا تو وہ آج بھی ملک سے باہر ہی ہوتے، این آر او نہ ہوتا تو نوازشریف وطن واپس نہ آتے اور چیف جسٹس بحال نہ ہوتے،۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار چوہدری نے درست بات کی ہے کہ حضورؐ نے آخری خطبے میں کہا تھا کہ کسی کو کسی پر برتری حاصل نہیں ہم بھی یہ ہی کہتے ہیں کہ کسی ایک پی سی او جج کو کسی دوسرے پی سی او جج پر برتری حاصل نہیں، انصاف ، قانون ، اور اخلاقیات سب کے لیے برابر ہیں۔