سندھ رینجرزنے اختیارات کی مدت ختم ہونے پرتمام آپریشنزروک دیئے

ویب ڈیسک  اتوار 16 اپريل 2017

 کراچی: سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ کی طرح پھر سے لٹکا دیا ہے جب کہ اختیارات ختم ہونے پر رینجرز نے سندھ میں تمام آپریشنز روک دیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت رینجرز کو دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لئے ہر 3 ماہ بعد  اختیارات مٰیں توسیع  کی جاتی ہے لیکن سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان تنازع کی وجہ سے ہر بار کی طرح اس بار بھی یہ معاملہ لٹک گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سندھ میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت ختم

سندھ رینجرز کے اختیارات کی مدت رات گزشتہ رات 12 بجے ختم ہو گئی تھی، محکمہ داخلہ نے سمری تیارکرکے بھیج دی لیکن وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کراچی میں اجلاسوں پر اجلاس کر رہے ہیں مگر سمری پر دستخط کرنے کا وقت نکالنے کو تیارنہیں۔ دوسری جانب اختیارات کی مدت ختم ہونے پر سندھ رینجرز نے تمام آپریشنزروک دیئے ہیں۔

رینجرزکی جانب سے گرجا گھروں اورمساجد سمیت تمام مقامات سے نفری واپس بلا لی گئی ہے، شہرکی اہم شاہراہوں پر اسنیپ چیکنگ کا عمل بھی روک دیا گیا ہے تاہم گورنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس، ججز صاحبان اور ایئر پورٹ پر رینجرز کی نفری تعینات رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔