بھارت میں اذان کی آواز ہمیشہ آتی رہے گی، بھارتی اداکار اعجاز خان

ویب ڈیسک  پير 17 اپريل 2017
جو انسان میرے اسلام کے خلاف بات کرے گا میں اس کا کبھی احترام نہیں کروں گا، بھارتی اداکار، فوٹو؛ فائل

جو انسان میرے اسلام کے خلاف بات کرے گا میں اس کا کبھی احترام نہیں کروں گا، بھارتی اداکار، فوٹو؛ فائل

 سری نگر: بالی ووڈ اداکار اعجاز خان کا کہنا ہےکہ اذان مسلمانوں کی غنڈہ گردی نہیں اور نہ ہی  کبھی غنڈہ گردی کی ہے جب کہ بھارت میں اذان کی آواز آتی تھی، آتی ہے اور انشااللہ ہمیشہ آتی رہے گی۔

بھارتی گلوکار سونو نگم نے فجر کی اذان سے متعلق نازیبا ٹوئٹس کرکے نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے اور اذان سے متعلق نازیبا جملوں کو ان کے مداحوں نے سخت ناپسند کیا ہے جس کے بعد جہاں سوشل میڈیا پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے وہیں اب بالی ووڈ اداکار اعجاز خان نے بھی سونو نگم کو کھری کھری سنادی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:سونو نگم کی اذان سے متعلق توہین آمیز ٹویٹس

اعجاز خان کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ سونونگم میرا دوست ہے اور آپس میں اچھا تعلق ہے لیکن جو انسان میرے اسلام کے خلاف بات کرے گا میں اس کا کبھی احترام نہیں کروں گا اور یہی وجہ ہے کہ سونو کا احترام میرے دل سے ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونو نگم کو معلوم نہیں کہ صبح اٹھنے والوں کو اللہ نے ہمیشہ کامیابی اور صحت دی ہے، ارجیت سنگھ بھی صبح 5 بجے اٹھ کے ریاض کرتا ہے جس کی وجہ سے اب وہ نمبر ون گلوکار ہے جب کہ اذان مسلمانوں کی غنڈہ گردی نہیں اور نہ ہی کبھی غنڈہ گردی کی ہے کیوں کہ مسلمان اب تک  صرف برداشت ہی کررہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:سلمان خان کی اذان کے احترام والی ویڈیو وائرل ہوگئی

اعجازخان کا کہنا تھا کہ بھارت کے سیکولر ملک ہونے کے باوجود  یہاں ایک ہی مذہب اسلام کو نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن سکھوں اور ہندوؤں کے مذہبی اجتماعات کے موقع پر 10 دن ممبئی بند کی جاتی ہے جس پر کوئی کچھ نہیں کہتا ہے۔

دوسری جانب اعجاز خان نے فیس بک پرپوسٹ بھی شیئر کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ بھارت میں اذان کی آواز آتی تھی، آتی ہے اور انشااللہ ہمیشہ آتی رہے گی۔

واضح رہے کہ معروف گلوکار سونو نگم نے فجر کی اذان سے متعلق نازیبا ٹوئٹس کی ہیں جس پر سوشل میڈیا پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔